اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر کرپشن کا ایک نیا مقدمہ دائر

بدعنوانی کے کئی مقدمات کا شکار اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو پر کرپشن کا ایک نیا مقدمہ قائم کردیا گیا ۔اسرائیل کے اسٹیٹ کنٹرولر یوسف شابیرا نے پراسیکیوٹرجنرل کو ہدایت کی ہے کہ وہ یہ بتائیں کہ آیا نیتن یاہو اپنے چچا زاد سے عدالتی اخراجات کی ادائی کی مد میں مالی معاونت حاصل کرکے قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں یا نہیں۔عبرانی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق ا سٹیٹ کنٹرولر نے مشیر قانون افیحائی منڈلبلیٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کی چھان بین کریں کہ انہوں نے اپنے چچا زاد اور کاروباری شخصیت میلیکو فیسکی سے عدالتی اقدامات کیلئے رقم وصول کی تھی یا نہیں، اگر انہوں نے رقم وصول کی ہے تو وہ خلاف قانون یا نہیں۔عبرانی ریڈیو کے مطابق اگر قانون کے مطابق یہ رقم رشوت وصولی کے زمرے میں آئی تو نیتن یاہو کو ایک اور کرپشن کیس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔