ننگرہار ،خودکش دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد،68 ہوگئی

افغان صوبہ ننگرہار کے ضلع مومند درہ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 68 تک جاپہنچی جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد افراد ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔افغان وزارت صحت کے حکام نے منگل کو ہونے والے خودکش دھماکے میں جاں بحق 68افراد کی تصدیق کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق جلا ل آبادشاہراہ پر واقع ضلع مومنددرہ میں بڑی تعدادمیں مظاہرین مقامی پولیس افسر بلال باچا کی برطرفی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کررہے تھے کہ دن ڈیڑھ بجے ایک نامعلوم خودکش بمبار نے مظاہرین کے درمیان میں آکر خودکو زورداردھماکے سے اْڑادیا جس کے نتیجے میں سینکڑوں افغان شہری جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ افغان وزارت صحت نے بدھ کے روز اس دھماکے میں 68 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیڑھ سو سے زائد دیگرافراد صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافہ کا خدشہ بھی ظاہرکیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ یہ بہت طاقتور بم دھماکاتھا۔

Electrolux