... loading ...
امریکا نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی مبینہ سازش کے مقدمے میں بھارتی حکومت کو سفارتی ذرائع سے عدالتی سمن جاری کر دیے ہیں۔ یہ دستاویزات امریکی محکمہ خارجہ نے واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے کے سپرد کیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے 9 اکتوبر 2026 کو سفارتی مراسلے کے ذریعے یہ سمن بھارتی سفارت خانے کو پہنچائے۔جس کا پس منظر یہ ہے کہ سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے ستمبر 2024 میں نیویارک کی عدالت میں بھارتی حکومت اور اس کے عہدیداروں کے خلاف قتل کی سازش کا یہ مقدمہ دائر کیا تھا۔ مقدمے میں بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول، انٹیلی جنس ایجنسی را کے سابق سربراہ سامنت گوئل، اور دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے جنہیں عدالت نے نوٹس جاری کرنے کی اجازت دی ہے۔اس کیس میں نامزد ایک ملزم نکھل گپتا فروری 2026 میں اپنے جرم کا اعتراف کر چکا ہے۔نیویارک کی وفاقی عدالت نے 9 نومبر کو ایک الگ حکم میں گرپتونت سنگھ پنوں کو بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور سابق سربراہ بھارتی خفیہ ایجنسی را سامنت گوئل کو بھارتی عدالتی نظام کے ذریعے سمن بھجوانے کی اجازت دے دی ہے عدالتی حکم کے مطابق ان دونوں بھارتی حکام کو سمن کی ترسیل کے لیے دہلی کی متعلقہ عدالتوں سے رجوع کیا جا سکتا ہے اس مقصد کے لیے ضروری دستاویزات 30 نومبر 2026 تک جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
امریکی وفاقی عدالت اور محکمہ خارجہ نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی مبینہ سازش کے مقدمے میں بھارتی حکومت کو 8 دسمبر 2026 تک باضابطہ جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ مقررہ تاریخ تک جواب نہ دینے کی صورت میں عدالت بھارتی حکومت کے خلاف یکطرفہ فیصلہ سنا سکتی ہے۔ بھارتی حکومت کو اس سمن کا جواب دینے کے لیے 60 روزہ مہلت دی گئی ہے جو 8 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے۔گرپتونت سنگھ پنوں امریکا میں سکھ تنظیم سکھس فار جسٹس کے جنرل کونسل ہیں اور بھارت سے الگ آزاد سکھ ریاست خالصتان کے قیام کی حمایت کرتے ہیں بھارتی حکومت انہیں دہشت گرد قرار دے چکی ہے جبکہ ان کی تنظیم پر بھی بھارت میں پابندی عائد ہے۔ امریکی استغاثہ کے مطابق پنوں کو قتل کرنے کی مبینہ سازش میں بھارتی شہری نکھل گپتا نے ایک ایسے شخص سے رابطہ کیا تھا جسے وہ اجرتی قاتل سمجھ رہا تھا تاہم وہ شخص درحقیقت امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کا خفیہ اہلکار تھا اس معاملے میں نکھل گپتا کو جون 2023 میں جمہوریہ چیک سے گرفتار کرکے امریکا منتقل کیا گیا تھا۔انہوں نے فروری 2026 میں امریکی عدالت میں قتل کے لیے اجرتی قاتل کی خدمات حاصل کرنے کی سازش، اس میں معاونت اور منی لانڈرنگ کی سازش سمیت تین الزامات کا اعتراف جرم کیا تھا امریکی حکام نے اس مبینہ منصوبے میں سابق بھارتی اہلکار وکاش یادو کا نام بھی شامل کیا تھا، جن کے خلاف اکتوبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی۔اس بیان کے بعد بھارت اور کینیڈا کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی تھی۔ بھارت نے ان الزامات کو مسترد کیا تھا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل بھی مختلف مواقع پر بھارت پر بیرون ملک دہشت گرد سرگرمیوں کی سرپرستی، انٹیلی جنس معاونت، مالی معاونت اور سہولت کاری کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔واضح رہے کہ گرپتونت سنگھ پنوں کے دیوانی مقدمے میں عائد الزامات اور امریکی فوجداری مقدمے میں نکھل گپتا کی جانب سے تسلیم کیے گئے الزامات الگ قانونی کارروائیاں ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے بھارتی حکومت کو دستاویزات پہنچانے کا اقدام مقدمے کے الزامات پر عدالتی فیصلہ نہیں ہے، جبکہ بھارت نے پنوں کے خلاف مبینہ سازش میں حکومتی سطح پر ملوث ہونے کے الزام کو مسترد کیا ہے۔
یاد رہے کہ ستمبر 2023 میں کینیڈا کے اس وقت کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو بھی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی حکومتی ایجنٹوں کے ملوث ہونے کا اعلان کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر بھی متعدد بار یہ مؤقف اختیار کرچکے ہیں کہ بھارت دنیا میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کی سرپرستی، انٹیلی جنس، مالی معاونت اور سہولت کاری کررہا ہے، جبکہ ان کے مطابق اجیت دوول اس دہشت گردی کے چیف آرکیٹیکٹ ہیں۔کینیڈا، امریکا میں مقیم سکھوں کے بعد اب برطانوی سکھوں کو بھی مودی سرکار سے جان کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے اور انہیں بھارت کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے لگی ہیں جس کے بعد برطانیہ کے ارکان پارلیمان نے سیکیورٹی منسٹر سے ملاقات کی درخواست کر دی ہے۔
برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے برطانیہ کے سیکیورٹی منسٹر سے ہنگامی اجلاس بْلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایس این پی کے کرسٹن اوسوالڈ اور مارٹن ڈوچرٹی ہیوز نے لارڈ ٹام واٹسن کے نام خط لکھا جب کہ ارکان پارلیمان کی جانب سے خط برطانوی سیکیورٹی منسٹر ٹگینڈہاٹ کو لکھا گیا ہے۔ ٹام ٹگینڈ ہاٹ کو باضابطہ درخواست دینے والوں میں رکنِ پارلیمان پریت کورگل، افضل خان، تنمن جیت سنگھ ڈھیسی، کنزر ویٹوو کیرولین نوکس شامل ہیں اور انہوں نے بھارتی حکومت کی جانب سے دنیا بھر میں سکھوں کو لاحق خطرے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ارکان پارلیمان کا اپنے خط میں کہنا ہے کہ اس ہفتے کئی برطانوی سکھوں کو پولیس نے نوٹس دیا ہے جس میں انہیں ان کی زندگیوں کو لاحق خطرات سے خبردار کیا گیا ہے۔برطانوی سکھ فیڈریشن (یو کے) کے مشیر جس سنگھ نے خطرے کو تشویشناک قرار دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ آزاد وطن کی مہم چلانا افراد کا قانونی حق ہے، چاہے وہ برطانیہ میں ہو یا بیرون ملک۔
٭٭٭