... loading ...
نئے صوبے بنانے کا معاملہ بڑا گھمبیر ہوچکا، سیاسی جماعتیں اس بحث میں ایسی الجھی ہوئی ہیں کہ کسی کو راستہ سجھائی نہیں دے رہا۔آخر نئے صوبوں بنانے والوں نے آخری فیصلہ کیا ہے ،چھوڑو سیاسی جماعتوں کو،سیدھا عوام سے ہی پوچھ لیتے ہیں۔یہ شرطیہ اور کامیاب فارمولا ہے ،میری زندگی میں یہ فارمولا دوبارآزمایا جاچکا۔رزلٹ اتنے اچھے آئے تھے کہ ریفرنڈم کروانے خود حیران ،پریشان ہوگئے تھے کہ عوام ان سے اتنی محبت کرتے ہیں۔جنرل ضیاء الحق پانچ سال صدر رہ چکے تھے پھرانہیں خیال آیا کہ عوام سے پوچھا ہی نہیں،فیصلہ ہوا چلیں پوچھ لیتے ہیں۔ 19؍دسمبر 1984 کو ریفرنڈم ہوا،عوام سے صرف اتنا پوچھا گیا ‘‘ کیا آپ پاکستان میں اسلامی نظام چاہتے ہیں ’’۔اگر چاہتے ہیں تو پھر ضیاء الحق اگلے پانچ سال تک صدر رہیں گے ،62 فیصد لوگوں نے ووٹ ڈالے ،98.53 فیصد لوگوں نے کہا ہمیں اسلام بھی چاہیے ،ضیا بھی چاہیے ۔حبیب جالب نے لکھا تھا !!
شہر میں ہو کا عالم تھا
جن تھا یا ریفرنڈم تھا
قید تھے دیواروں میں لوگ
باہر شور بہت کم تھا
کچھ باریش سے چہرے تھے
اور ایمان کا ماتم تھا
مرحومین شریک ہوئے
سچائی کا چہلم تھا
دن انیس دسمبر کا
بے معنی بے ہنگم تھا
یا وعدہ تھا حاکم کا
یا اخباری کالم تھا
مزے کی بات ہے ،ریفرنڈم کے اس سوال پرغیرمسلموں نے بھی کہا تھا ‘‘ ہمیں اسلام بھی چاہیے ،ضیاء بھی چاہیے ’’۔30؍اپریل 2002کو جنرل پرویز مشرف نے سیدھا سیدھا ہی عوام سے پوچھ لیا تھا،بتاؤ !! میں اگلے پانچ سال صدر رہوں یا نہ رہوں؟ 56فیصد سے زائد ٹرن آؤٹ رہا،حالانکہ ووٹر کی عمر 21سال سے کم کرکے 18سال کی گئی تھی اور ووٹ ڈالنے کیلئے شناختی کارڈ بھی لازمی نہیں تھا،اس بار97.97فیصد ووٹر نے کہا ‘‘ حضور!! آپ ہی رہیں،آپ ہی رہیں ’’۔لیکن اس بار کسی شاعر نے نہیں بتایا تھا کہ ‘‘ شہر میں ہو کا عالم تھا، جن تھا یا ریفرنڈم تھا ’’۔ کیونکہ جالب دنیا میں موجود نہیں تھے ۔اب تیسری بار صوبوں پر ریفرنڈم کا امکان ہے ،سوال جو بھی پوچھا جائے گا،تاریخ تو یہی بتاتی ہے ،عوام یہی کہیں گے ۔ ‘‘ہم نے پہلے کبھی ناں کی ؟
ریفرنڈم بھی محبت کے اظہار کا ایک خوبصورت ذریعہ ہے ۔ دنیا میں لوگ اپنے محبوب سے بار بار پوچھتے ہیں کہ تمہیں مجھ سے کتنی محبت ہے ، لیکن ہمارے ہاں محبت کا اظہارذرا منفرد اندازمیں ہوتا ہے ۔ یہاں باقاعدہ دن مقرر ہوتا ہے ، انتظامات کیے جاتے ہیں، لوگوں کو بلایا جاتا ہے اور پھر محبت کا حساب کتاب ہوتا ہے ۔ کبھی محبت کا تناسب 98فیصد سے اوپر چلا جاتا ہے ، کبھی 97فیصد پر آکرٹھہرجاتا ہے ۔ یہ بھی محبت کی ایک عجیب ادا ہے کہ وقت بدل جائے ، موسم بدل جائیں، چہرے بدل جائیں، مگرمحبت کے اعدادوشمار میں زیادہ فرق نہیں آتا۔ تاریخ بھی ایسے خوبصورت اتفاقات کو بڑی محبت سے یاد رکھتی ہے ۔
اورآخرمیں ایک بادشاہ کی دلچسپ کہانی!!
ایک بادشاہ تھا جو اپنی رعایا کی فرمانبرداری پربہت فخر کرتا تھا،وہ جب چاہے نئے نئے حکم جاری کرتا رہتا تھا۔ ایک دن حکم جاری کیا، سب لوگ اپنے گھروں کا ایک ایک کمرہ خالی کر کے میرے محل کیلئے اینٹیں دے دیں۔عوام حکم بجا لائے ۔پھرایک روز بارشاہ کا مطالبہ سامنے آیا، تمام لوگ کے کنوؤں کا پانی انکے باغات اور فصلوں کیلئے مختص ہوگا۔عوام نے تسلیم کرلیا۔ایک دن بادشاہ نے آرڈر جاری کیا،اب تمام لوگ اپنے بچوں کے کپڑے اتارکرمیرے فوجیوں کو دے دیں۔لوگوں نے خوشی خوشی اپنے بچوں کو برہنہ کردیا۔چند ماہ بعد بادشاہ کا نیا حکم جاری ہوا، اب سب اپنے کھیتوں کی فصل میرے خزانے میں جمع کروا دیں۔عوام نے ہنستے ،ہنستے ،قہقہے لگاتے ہوئے فصلیں قومی خزانے میں جمع کرادیں۔اگلے ہفتے ہی بادشاہ نے ایک اورمطالبہ کردیا، سب لوگ، اپنے گھروں کے دروازے ہٹا کر محل کے سامنے رکھ دیں۔عوام نے کچھ سوچے بغیراپنے گھروں کے پردے ختم کردیے ۔بادشاہ حیران تھا، کہ عوام کتنے فرمانبردار ہیں،آخراس نے امتحان لینے کیلئے ایک عجیب و غریب حکم جاری کردیا، کل صبح سب لوگ اپنے سائے الگ کر کے میرے تخت کے سامنے رکھ دیں۔ جو اپنا سایہ نہیں لائے گا، اسے موت کی سزا دی جائے گی۔صبح ہوئی،پورے ملک کے عوام دربار کے باہرباادب کھڑے تھے ،بادشاہ بالکونی پر تشریف فرما تھا اور ایک بوڑھا آدمی آگے بڑھا، جھکا اور بولا۔ حضور‘‘ ہم نے پہلے کبھی ناں کی ’’؟
٭٭٭