وجود

... loading ...

وجود
وجود

فارم 47 کی حکومت

جمعه 23 فروری 2024 فارم 47 کی حکومت

نااہلی کی زرخیزی نیچے سے نسل بڑھا رہی ہے، ذہانت کا بنجر پن اوپر سے نسلوں کا شیرازہ بکھیر رہا ہے۔ آئیے اگلے پانچ سال اسے طول دیتے ہیں، معاہدہ کرتے ہیں۔ یہ حکومت سازی کا معاہدہ ہے۔ فارم 47 والے اکٹھے ہیں۔ ان کے اوپر ذہانت کے بنجر پن کی شکار ایک سرکاری مخلوق، جن کے تباہ کن اقدامات پر حب الوطنی کا زرق برق ورق چڑھا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یہ خود کو قوم کا باپ بھی سمجھتے ہیں۔ ہوا میں خواہ مخواہ تلوار چلانے والے شہباز شریف وزیراعظم ہوں گے۔ فضاؤں میں یہ بات موجود تھی۔ یہ بھی کہ نوازشریف سمجھتے ہیں کہ اُن کے ساتھ ہاتھ ہوا۔ برادرانِ یوسف والی ٹیسیں محسوس کرتے ہیں۔ میاں لطیف کا درد زیادہ ہے:۔
بے نام سا، یہ درد ٹھہر کیوں نہیں جاتا
جو بیت گیا ہے وہ گزر کیوں نہیں جاتا
حیرت کی بات نہیں ، جب شہباز شریف دارالحکومت میں واقع زرداری ہاؤس جا کر اپنے ”حلیفوں” کے ساتھ معاہدے کا اعلان کر رہے تھے تو چند کلومیٹر کے فاصلے پر کُہسار مارکیٹ اسلام آباد میں ایک دوسرا واقعہ پیش آیا۔ خواجہ سعد رفیق اور حنیف عباسی کو جہاں عورتوں سے” ووٹ چور، ووٹ چور” کے آوازے سننے پڑے۔ یہاں تک کہ خواتین سے گارڈ ہاتھا پائی پر اُتر آئے۔ فارم 45 کے مطابق پچاس پچاس ہزار ووٹوں سے ہارنے والے فارم 47 کے جعلی فارم سے فاتح قرار دیے گئے۔ زرداری نے دولت کے بل بوتے پر انتخابات خریدنے کا جو کھیل سندھ میں شروع کیا، اب پورے ملک میں ایک صنعت کے طور پر فروغ پا چکا ہے۔ نتائج میں ہیر پھیر کے لیے بولیوں کے عمل دخل کے حقائق ایک طرف رکھیں۔ کہسار مارکیٹ کی گونج پورے ملک میں ہے۔ ہاتھا پائی کا واقعہ ووٹ چور کی صداؤں کے ساتھ زیر بحث ہے۔ کون نہیں جانتا، حنیف عباسی کی نشست خطرے میں ہے۔ کہسار مارکیٹ کا واقعہ اوپری سطح کی ذہانت کے بنجر پن سے بکھرنے والی نسلوں کے شیرازے کی ایک جھلک ہے، ردِ عمل سے ظاہر ہے۔
کٹھ پتلیوں کے طور پر کام کرتے سیاست دان جانتے ہیں، وہ نااہلی کی زرخیزی سے بڑھی ہوئی نسل ہے، جن میں ”اضافہ” حقیقی نہیں ۔ وہ اپنے انتداب(مینڈیٹ) کی تمام تہہ داریوں سے آگاہ ہیں جو عوامی نمائندگی کی عکاس نہیں، بلکہ مخصوص حلقوں کی ”پسندیدگی” یا پھر کہیں ”مجبوری” کی پیداوار ہے۔ جعلی نمائندگی ہمیشہ ایک دھڑکا پیدا کیے رکھتی ہے۔ ”مجھے کیوں نکالا” کے آسیب میں جکڑی نون ہو، یا دو قبروں والی پیپلزپارٹی، اچھی طرح جانتی ہیں کہ فارم 47 کے نتائج بس ایک حکم کے ذریعے فارم 45 کے مطابق بدلے جا سکتے ہیں۔ پھر پاؤں کے نیچے زمین ہو گی نہ آسمان۔ ہم اُس طبقے میں شامل ہونے کی ”جہالت” نہیں دکھا سکتے، جن کی گزر اوقات ہی مصنوعی خیالات پر ہے۔ عیاں ہے، یہ معاہدہ مجبوری کی پیداوار ہے، جو قومی شعور کا مذاق اڑانے والے تینوں رہنماؤں کی بدن بولیوں سے عریاں ہے۔ حکومت کا اعلان کرتے ہوئے کیمرے کے عدسے میں دکھائی پڑنے والے تین رہنماؤں میں سے ایک وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار بلاول بھٹو تھے، پنجوں کے بل کھڑے ہو کر خود کو بڑا ظاہر کرنے کی تگ ودو میں ہے۔ دوسرے آصف علی زرداری ہیں، کامیاب سودے بازی کی شہرت رکھتے ہیں مگر عملاً اوپر کے ایک حکم کی تاب بھی نہیں لا سکتے۔ تیسرے ہمارے نئے وزیراعظم ہیں، سولہ ماہ میں قومی قسمت کا کھیت بنجر کر گئے، اب دوبارہ مسلط کیے جا رہے ہیں۔ کسی کے چہرے پر خوشی نہیں، یہ پی ڈی ایم پارٹ ٹو کی رنگین فلم ہے۔ مگر نئی فلم میں کچھ ترمیم و اضافے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان سسٹم کو ڈرانے کی بظاہر ایک غلط چال میں فی الحال ”سائیڈ رول” کے بھی قابل نہیں رہ گئے۔ بلوچستان میں متحدہ حکومت کا خواب سجائے نون لیگ کے در پر حاضری دی تو اسحق ڈار نے ٹکا سا جواب دیا، ”مولانا! آپ نے دیر کردی”۔ مولانا کو اب اپوزیشن کی ”اداکاری” کے بجائے شاید حقیقی اپوزیشن کرنا پڑے۔ تب اندازا ہو سکے گا حقیقت میں جے یوآئی میں دم خم کتنا رہ گیا۔ اُنہیں عدلیہ کے باہر جلسہ کرنے کی ”سہولت کاری” نئی حکومت سے اب نہیں مل سکے گی۔ کیونکہ ”بدلے بدلے میرے سرکار نظر آتے ہیں”۔ نا اہلی کی زرخیزی سے بڑھی ہوئی نسل مولانا کی ”کتاب الحیل” سے بہل سکتی ہے۔ مگر ایک نسل ایسی بھی تو ہے جو اُکتا گئی اور انسانی ہی نہیں، مصنوعی ذہانت کی تہہ داریوں تک میں جھانک رہی ہے جنہیں عارضی موقف کی لوریوں سے بہلایا نہ جا سکے گا۔ فضول اور مصنوعی خیالات پر انحصار کرنے والے سیاست دانوں کے تمام چہرے اپنے پورے مکروہ پن کے ساتھ بے نقاب ہیں ۔ جے یو آئی ہر طرف سے راستے نکالنے کی کوشش میں رہے گی، اگر حکومت دباؤ میں آ گئی تو شاید ان کی قسمت وقتی طور پر ساتھ دے سکے۔ مگر عملاً نئی سیاست میں مولانا بھی پیپلز پارٹی، نون لیگ اور ایم کیوایم کی طرح خرچ ہو چکے۔
پی ڈی ایم پارٹ ٹو فلم میں ایم کیو ایم بھی رونق بڑھائے گی۔ مگر ان کے چہرے اداکاری کے باوجود پھیکے ہی نظر آئیں گے، فارم 45 کے مطابق ایک نشست بھی نہ جیتنے والی جماعت کب تک طاقت کے انجکشن پر زندہ رکھی جا سکے گی؟ ایم کیو ایم کے رہنما جب کسی وضاحت کے لیے کیمروں کے سامنے آتے ہیں تو سب ایک دوسرے کے ساتھ اضافی لگتے ہیں۔ کون کس کے ساتھ ہیں؟ کس کے کیا پاس ہے؟ کسی کو کچھ پتہ نہیں۔ یہ جماعت مکافاتِ عمل کی چکی میں باریک پِس رہی ہے، نشانِ عبرت بننے والے کا سب سے عبرت ناک مرحلہ وہ ہے جب اُسے یہ بھی معلوم نہیں ہوتا کہ وہ مثالِ عبرت بن رہا ہے اور تاریخ کی اُلٹی حرکت کے نرغے میں ہے۔ بہت جلد سرخ لائن سمجھا جانے والا مصطفی کمال اثاثے سے ایک بوجھ بن جائے گا۔ دہکے ہوئے کراچی کو اِ ن بہکے ہوئے لوگوں سے کنٹرول نہیں کیا جا سکے گا۔ تاریخ کی تمام قوتیں بے لگام ہیں اور کوئی طاقت کتنی ہی بڑی ہو، تاریخ کی لگامیں نہیں تھام سکی۔ کراچی میں ایک ردِ عمل پک چکا ہے، جسے ایک مناسب راستہ چاہئے۔ طاقت کے مراکز جس طرح یہ نہ جانتے تھے کہ ایم کیوایم کسی بھی انتخابی حلقے میں پانچ سے سات ہزار ووٹوں کی جماعت رہ گئی، وہ یہ بھی نہیں جانتے کہ کراچی میں دھاندلی کے خلاف ردِ عمل کتنا دہک رہا ہے؟ پیپلزپارٹی کے خلاف سندھ میں کیسا الاؤ پک رہا ہے؟ جی ڈی اے نے سونگھ لیا اور پہلی مرتبہ عوامی سیاست کر رہی ہے۔ عوام کی زبردست پزیرائی نے جی ڈی اے کو”طفیلی کردار” سے اوپر اُٹھا دیا ۔ اب وہ کسی پر” انحصار کرنے” کی پرانی روش ترک کرنے کی جانب گامزن ہے۔ کسی کو توقع نہیں تھی کہ مراکزِ طاقت کے پنگھوڑوں میں پڑے رہنے والے، اپنے بل بوتے پر اپنے زمین و آسمان پیدا کرنے کی طرف مائل ہو ں گے۔ جی ڈی اے، تحریک انصاف اورجماعت اسلامی کے ساتھ مل کر کراچی و سندھ میں مشترک جدوجہد شروع کرنے جا رہی ہے۔ یہ سندھ کی سیاست میں ایک کایا پلٹ تحریک ثابت ہو سکتی ہے۔ پیپلزپارٹی کے لیے سندھ پہلے جیسا نہیں رہے گا اور یہ کہنے کی ضروت ہی نہیں کہ اس کے اثرات ملک گیر ہوں گے۔
کٹھ پتلیاں معاہدے کر چکیں، مگر یہ حکومت فارم 47 کی کہلائے گی، شہباز شریف وزیراعظم کا حلف اُٹھا کر پارلیمنٹ میں جس پہلی آواز کو سنیں گے، وہ ہوگی، فارم 47 کا وزیراعظم۔ معاہدہ صرف حکومت سازی کا نہیں ہے، یہ ہر روز بار بار سمجھوتے کرنے کا معاہدہ ہے، جس کے ذریعے روزانہ ہی مینڈکوں کو ترازو میں تولنے کی مشق جاری رہے گی۔ سب سے بڑھ کر اڈیالہ جیل کا قیدی ہے، جو وقت کے کسی بہاؤ میں بہنے کے بجائے اپنی سمت، اپنی منزل اور اپنا بہاؤ خود طے کرتا ہے۔ اُس پر کوئی روایتی فارمولا موثر نہیں۔ یہ بندوبست سنبھالا ہی نہ جا سکے گا۔ معاہدہ کرانے والے، نظام کے رکھوالے کسی روز چیخ اُٹھیں گے:۔
کون اس گھر کی دیکھ بھال کرے
روز اک چیز ٹوٹ جاتی ہے


متعلقہ خبریں


مضامین
''مزہ۔دور'' وجود بدھ 01 مئی 2024
''مزہ۔دور''

محترمہ کو وردی بڑی جچتی ہے۔۔۔!! (حصہ دوم) وجود بدھ 01 مئی 2024
محترمہ کو وردی بڑی جچتی ہے۔۔۔!! (حصہ دوم)

فلسطینی قتل عام پر دنیا چپ کیوں ہے؟ وجود بدھ 01 مئی 2024
فلسطینی قتل عام پر دنیا چپ کیوں ہے؟

امیدکا دامن تھامے رکھو! وجود بدھ 01 مئی 2024
امیدکا دامن تھامے رکھو!

محترمہ کو وردی بڑی جچتی ہے۔۔۔!!! وجود منگل 30 اپریل 2024
محترمہ کو وردی بڑی جچتی ہے۔۔۔!!!

اشتہار

تجزیے
نریندر مودی کی نفرت انگیز سوچ وجود بدھ 01 مئی 2024
نریندر مودی کی نفرت انگیز سوچ

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ وجود منگل 27 فروری 2024
پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ

ایکس سروس کی بحالی ، حکومت اوچھے حربوں سے بچے! وجود هفته 24 فروری 2024
ایکس سروس کی بحالی ، حکومت اوچھے حربوں سے بچے!

اشتہار

دین و تاریخ
رمضان المبارک ماہ ِعزم وعزیمت وجود بدھ 13 مارچ 2024
رمضان المبارک ماہ ِعزم وعزیمت

دین وعلم کا رشتہ وجود اتوار 18 فروری 2024
دین وعلم کا رشتہ

تعلیم اخلاق کے طریقے اور اسلوب وجود جمعرات 08 فروری 2024
تعلیم اخلاق کے طریقے اور اسلوب
تہذیبی جنگ
یہودی مخالف بیان کی حمایت: ایلون مسک کے خلاف یہودی تجارتی لابی کی صف بندی، اشتہارات پر پابندی وجود اتوار 19 نومبر 2023
یہودی مخالف بیان کی حمایت: ایلون مسک کے خلاف یہودی تجارتی لابی کی صف بندی، اشتہارات پر پابندی

مسجد اقصیٰ میں عبادت کے لیے مسلمانوں پر پابندی، یہودیوں کو اجازت وجود جمعه 27 اکتوبر 2023
مسجد اقصیٰ میں عبادت کے لیے مسلمانوں پر پابندی، یہودیوں کو اجازت

سوئیڈش شاہی محل کے سامنے قرآن پاک شہید، مسلمان صفحات جمع کرتے رہے وجود منگل 15 اگست 2023
سوئیڈش شاہی محل کے سامنے قرآن پاک شہید، مسلمان صفحات جمع کرتے رہے
بھارت
قابض انتظامیہ نے محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو گھر وں میں نظر بند کر دیا وجود پیر 11 دسمبر 2023
قابض انتظامیہ نے محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو گھر وں میں نظر بند کر دیا

بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی توثیق کردی وجود پیر 11 دسمبر 2023
بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی توثیق کردی

بھارتی ریاست منی پور میں باغی گروہ کا بھارتی فوج پر حملہ، فوجی ہلاک وجود بدھ 22 نومبر 2023
بھارتی ریاست منی پور میں باغی گروہ کا بھارتی فوج پر حملہ، فوجی ہلاک

راہول گاندھی ، سابق گورنر مقبوضہ کشمیرکی گفتگو منظرعام پر، پلوامہ ڈرامے پر مزید انکشافات وجود جمعه 27 اکتوبر 2023
راہول گاندھی ، سابق گورنر مقبوضہ کشمیرکی گفتگو منظرعام پر، پلوامہ ڈرامے پر مزید انکشافات
افغانستان
افغانستان میں پھر شدید زلزلے کے جھٹکے وجود بدھ 11 اکتوبر 2023
افغانستان میں پھر شدید زلزلے کے جھٹکے

افغانستان میں زلزلے سے تباہی،اموات 2100 ہوگئیں وجود اتوار 08 اکتوبر 2023
افغانستان میں زلزلے سے تباہی،اموات 2100 ہوگئیں

طالبان نے پاسداران انقلاب کی نیوز ایجنسی کا فوٹوگرافر گرفتار کر لیا وجود بدھ 23 اگست 2023
طالبان نے پاسداران انقلاب کی نیوز ایجنسی کا فوٹوگرافر گرفتار کر لیا
شخصیات
معروف افسانہ نگار بانو قدسیہ کو مداحوں سے بچھڑے 7 سال بیت گئے وجود اتوار 04 فروری 2024
معروف افسانہ نگار بانو قدسیہ کو مداحوں سے بچھڑے 7 سال بیت گئے

عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے وجود منگل 26 دسمبر 2023
عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے

معروف شاعرہ پروین شاکر کو دنیا سے رخصت ہوئے 29 برس بیت گئے وجود منگل 26 دسمبر 2023
معروف شاعرہ پروین شاکر کو دنیا سے رخصت ہوئے 29 برس بیت گئے
ادبیات
عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے وجود منگل 26 دسمبر 2023
عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے

سولہویں عالمی اردو کانفرنس خوشگوار یادوں کے ساتھ اختتام پزیر وجود پیر 04 دسمبر 2023
سولہویں عالمی اردو کانفرنس خوشگوار یادوں کے ساتھ اختتام پزیر

مارکیز کی یادگار صحافتی تحریر وجود پیر 25 ستمبر 2023
مارکیز کی یادگار صحافتی تحریر