... loading ...
لوک گائیکی میں عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کا نام دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت بن چُکا ہے ۔ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے سنگھم پر آباد عیسیٰ خیل کی پسماندگی اور درماندگی کے ماحول کو چیرتی ہوئی اس کے گلے سے نکلنے والی پرسوزلَے نے دنیا بھر میں دلوں کو تسخیر کیا ۔ ساز اور سُر تال سے مانوس نابغہ روزگار شخصیات نے اِسے ’’ درد کا سفیر ‘‘ قرار دیا ہے ۔ اس لیجنڈ کی زندگی کے روز وشب جان کر یقین ہوجاتا ہے اسے سورج نے پالا اور چاندنی نے نہلایا ہے ۔ وہ فطرت سے بہت مانوس ہے ۔ پرندے گویا اُس کے نغمے سمجھتے ہیں ۔ اس کے گیتوں کی نغمگی میں تتلیاں پرواز کرتی ہیں ۔ جگنو جگمگاتے ہیں ۔ اس کے دکھ بھرے گیت سن کر مٹیاروں کا رقص پرستانوں کا سحر طاری کر دیتا ہے ۔ اس نے اُس وقت اپنی آواز کا جادو جگایا جب آڈیو کیسٹ سے آگے کی ترقی نے قدم نہیں بڑھایا تھا۔عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی ایک ایسا لیجنڈ ہے جس کے فن کو دنیا بھر میں سراہا گیا اور اس کے لیے اعزازات اور پذیرائی کی ایک نئی دنیا آباد ہوئی ہے ۔ اس جینون فنکار کے بارے میں محمد محمود احمد کہتے ہیں کہ
رات گئے تک جاگنے والے شاعر اور ادیب
اپنی اپنی آگ میں جلتی مائیں اور بیوائیں
بس اسٹینڈ پر شور مچاتے ہاکر اور کلرک
گولیاں ٹافیاں بیچنے والے چھوٹے چھوٹے بچے
ٹھنڈے فرش پر سونے والے زندانوں کے قیدی ۔
بُرف رُتوں میں لکڑیاں کاٹنے والے لکڑ ہارے
ماتھے پر محراب سجائے درگاہوں کے پیر
گھر کا زیور بیچ کر پڑھنے والے طالب علم
بہنوں کے چِنتے میں ڈوبے غیرت مند انسان
سرحدوں پر پہرہ دیتے سوہنے ڈھول سپاہی
عید کے دن بھی روٹی کپڑے سے محروم بھکاری
چاند رُتوں میں ملنے والے عاشق اور معشوق
سپنے بُنتی دوشیزائیں ، ہجر گزیدہ گھبرو
تیرے گیت سے چُن لیتے ہیں اپنے اپنے آنسو۔۔
۔ عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے2013 ء کے عام انتخابات سے پہلے پی ٹی آئی کا ترانہ گاکر اپنے سیاسی مستقبل کی راہیں متعین کر دی تھیں ۔ گذشتہ دنوں میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل شہرکے باہر ان کی رہائش گاہ ’’ عیسیٰ خیلوی ‘‘ میں ایک ملاقات کے دوران ہونے والی گفتگو قارئین کی دلچسپی کے لیے پیش کی جارہی ہے ۔
٭’’ جرات ‘‘ ۔ سُر کی سنگت اختیار کرنے پر آپ کو اپنے خاندان اور برادری کی طرف سے کسی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا یا سب نے خوشدلی سے قبول کر لیا تھا ۔۔؟
عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی :۔ میری ابتدائی زندگی کوئی آسان نہیں تھی ۔ جب مجھ پر یہ واضح ہوا کہ پرودگار نے مجھے سُر اور سنگیت عطاء کیا ہے تو اس آگہی نے مجھے ایسی مشکلات کے مقابلے کی راہ پر ڈال دیا جس کا سفر بہت صبر آزما تھا۔یہ لمحات میری زندگی میں ایک کومل اور من موہن اُجالے کی مانند ہیں ۔ میں نے گانا شروع کیا تو میرے تمام عزیز و اقارب نے اسے اچھا نہیں جانا ۔ میرے نیازی پٹھان خاندان نے مجھے بطور گلوکار قبول کرنے سے انکار کر دیا ۔ میں نے اپنے شوق اور وارفتگی کی خاطر گانا شروع کیا تو میری سُر اور سنگیت کی شامیں بد سلیقہ سی ہونے لگیں ۔ لیکن میںنے شروع سے ہی اپنے پیش ( جنون ) کی خاطر موسیقی کو نخل جاں کا ایسامعطر پھول سمجھا جو میرے عشق اور میرے جذبات کو بہار اندام کر رہا تھا ۔ ان دنوں مجھے اپنے والد اور دیگر قریبی رشتہ داروں کی سخت ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا ۔
٭’’ جرات ‘‘ ۔ آپ کے گلوکار بننے پر خاندان کی جانب سے اس قدر شدید رد عمل کی وجوہات کیا تھیں ۔؟
عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی:۔دیکھیے میں جس علاقے عیسی خیل میں پیدا ہوا ۔ وہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے سنگھم پر واقع ہونے کی وجہ سے قبائلی طرز معاشرت کے زیر اثر رہا ہے اور اب بھی اپنی روایتوں کا امین ہے ۔ ہمارے ہاں موسیقی اور فنون لطیفہ کی بہت سی اصناف کو پسندنہیں کیا جا تا تھا ۔ میرے پٹھان خاندان میں گلوکاری کا تصور بھی نہیں تھا ۔ لہذا مجھے کہا گیا کہ آپ نے گلوکاری ترک نہ کی تو آپ کا قوم قبیلے اور برادری سے کوئی تعلق نہیں ہوگا ۔ مجھے کہا گیا کہ اگر گانا ہے تو اپنے نام کے ساتھ نیازی نہ لکھا کرو ۔ سومیں نے اپنے نام کے ساتھ ’’عیسیٰ خیلوی ‘‘ لکھنا شروع کیا ۔ عیسیٰ خیلوی لکھنے کی ایک وجہ میرا اپنی مٹی سے بے حد پیا ر بھی ہے ۔ مجھے عیسیٰ خیل اور میانوالی بہت عزیز ہے ۔ اس لیے کہ میرے بزرگ کئی سو سال سے اس سرزمین کے باسی ہیں اب تو اس کی مٹی میں میرے والدین بھی آسودہ خاک ہوچُکے ہیں۔
٭’’ جرات ‘‘ :۔ آپ کی اپنی مٹی اور اپنی تاریخ سے لگاؤ کا کیا کوئی خاص پس منظر ہے ؟
عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی:۔۔ اپنی دھرتی ماں کسے عزیز اور پیاری نہیں ہوتی ۔میرے نیازی خاندان نے اس علاقے میں یادگار اور گراں قدر کارنامے سر انجام دیئے ہیں ۔ کسی بھی دوسرے کی طرح مجھے اپنی تاریخ پر فخر ہے مجھے اپنے پُرکھوں کی قربانیوں اور کارناموں سے ہمیشہ انسپائریشن ملتی ہے ۔ میں جب بھی بھارت جاتا ہوں تو اپنے جد امجد عیسیٰ خان کے مزار پر بڑے فخر کے ساتھ حاضری دیتا ہوں ۔ میرے ساتھ میرے بچے بھی عیسیٰ خان کے مزار پر گئے ہیں ۔ہمارے اجداد نے 1505 ء تک اس علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا ۔ عیسیٰ خیل اور یہاں کے نیازی قبائل کا ذکر ’’تزک ِ بابری ‘‘ میں تفصیل کے ساتھ موجود ہے ۔ ’’ دی پٹھان ‘‘ کے مولف ’’ سر اولف کیرو ‘‘آخری مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفرکے ہاں بھی یہ تذکرہ ملتاہے ۔’’ صولت افغانی ‘‘ ا ور ’’ حیات افغانی ‘‘ بھی عیسیٰ خیل کے نیازی پٹھانوں کے ذکر سے بھر پور ہے ۔
میرا عیسیٰ خیل نامور لوگوں کی دھرتی ہے زندگی کے تمام شعبوں میں اس علاقے کے لوگ نمایاں ہیں ۔ مجاہد ملت مولانا عبد الستار خان نیازی تحریک پاکستان ، تحریک ختم نبوت اور تحریک ِ نظام مصطفی کا ایک لافانی کردار ہیں وہ بھی میرے شہر عیسیٰ خیل کے ایک قریبی قصبے کھگھلانوالہ میں پیدا ہوئے تھے ۔ اردو ادب اور اقبالیات کا بہت بڑا نام تلوک چند محروم اور ان کے بیٹے ڈاکٹر جگن ناتھ آزاد بھی میرے شہر کے پہلو میں آباد قصبہ کلور شریف کے رہنے والے تھے ۔ اُبھرتے ہوئے قومی کرکڑشاداب خان کا تعلق بھی میری تحصیل کے علاقے کمر مثانی سے ہے ۔ آج کا ایک فخر میرے لیے یہ ہے عمران خان کا آبائی حلقہ بھی میرا علاقہ ہی ہے ۔ میرا شہر اور علاقہ ہمیشہ سے روشن ناموں کی کہکشاں رہا ہے۔
٭’’ جرات ‘‘۔ سُر کی سنگت میں ایک عمر بیتی ہے ۔ریاضت نے ناموری ، شہرت اور عزت سب عطاء کیا ۔ اب کیا سوچتے ہیں ؟
عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی۔اللہ کریم کی مجھ پر عنایتوں کا نہ تو کئی حساب ہے اور نہ کوئی شمار ۔ اُس نے اپنے فضل و کرم سے مجھے ہمیشہ سیراب رکھا ہے ۔ اپنے مالک کے حضور تشکر اور استغفار کے ساتھ آج کی نہیں کل کی راحت کا طلبگار ہوں ۔ اپنے علاقے کے لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہوں ۔ دوسری پٹھان ماؤں کی طرح میری ماں نے بھی مجھے بندوق چلانا سکھائی تھی لیکن میرے عشق نے ہاتھ میں ہارمونیم تھما دیا تھا ۔ فطرت کی طرف سے عطاء کردہ فن گائیکی میں اللہ نے مجھے بہت عروج عطاء کیا ہے ۔ لیکن میں اپنی ماں کی طرف سے بندوق چلانے کے سبق کو بھی کبھی نہیں بھولا ہوں ۔ اپنے علاقے سے محرومیوں کے خاتمے کے لیے سر بکف ہوں۔ اپنے دوست بھائی اور اپنی مٹی کے فرزند عمران خان کی جدوجہد کا ساتھی ہوں ۔
٭’’ جرات ‘‘کس پاکستانی گلوکار کو سُنتے ہیں تو سردھُنتے ہیں آپ ؟
عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی:۔ نصرت فتح علی خان مجھے بہت پسند ہیں۔ انہیں اکثر سُنتا ہوں ۔
٭’’ جرات ‘‘ نصرت کے بعد راحت فتح علی خان کو کبھی سُنا ہے ؟
عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی:۔ نہیں ۔
٭جرات:۔ نصرت فتح علی خاں اورراحت فتح علی خاں میں کیا فرق ہے ؟
عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی :۔ وہی فرق جو دن اور رات میں اور اُجالے اور انددھیرے میں ہے ۔
٭جرات :۔آپ چاہیں گے کہ کس بھارتی ہیروئن پر آپ کا گانا فلمایا جائے ؟
عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی :۔ ایشوریا اچھی لگتی ہے۔
٭ جرات :۔ پاکستان میں کونسا اداکار پسند آیا ہے ؟
عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی :۔ سلطان راہی میرے پسندیدہ اداکار ہیں ۔۔ (ایک آہِ سرد کے ساتھ ) وہ بہت عظیم فنکار تھا ْ لیکن ہمارے فلم سازوں نے ان کی بے مثال صلاحیتوں سے فائدہ اُٹھانے کی بجائے ان کے ہاتھ میں گنڈاسہ پکڑا دیا تھا۔
٭’’ جرات ‘‘ :۔ آپ نے اپنی سیاست کا آٖغاز پاکستان تحریک انصاف سے ہی کیا ہے؟ یا کسی اور جماعت کے ساتھ بھی رہے ہیں ۔
عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی:۔ میں گائیکی کے فن سے وابستہ ہونے سے پہلے کا سیاست سے وابستہ ہوں ۔ معاشی پسماندگی کے باجود میرے علاقے میں سیاسی شعور کو ہمیشہ سے پختگی حاصل رہی ہے ۔ ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کے سیاسی فلسفہ سے متائثر ہو کر پیپلز پارٹی میں شامل ہوا تھا مگر اُس پارٹی نے جب اپنے بنیادی نظریے کو چھوڑا تو میں اُس سے الگ ہوگیا ۔ عمران خان سے میرا تعلق بہت گہرا اور پرانا ہے میں نے ان کے ساتھ شوکت خانم ہسپتال کے لیے عطیات اکٹھے کرنے کی مہم میں کام کیا ۔ میں کپتان کی جدوجہد ، خلوص اور نصب العین سے متائثر ہوں اور اسی لیے اُسی کی ٹیم اور پارٹی کا حصہ ہوں ۔
٭جرات :۔ آپ نے ایک ترانہ کیا گایا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کامقبول ترین ترانہ اور پسندیدگی کی علامت بن گیا ہے ؟
عطاء اللہ خان عسییٰ خیلوی :۔ میں نے پہلے بھی آپ کو بتایا ہے کہ میں سماجی میدان میں بھی عمران خان کا ہم قدم رہا ہوں ۔ ان کے ساتھ رہا اور کام کیا ۔ جب انہوں نے سیاست میں عوامی پذیرائی اور ریکارڈ مقبولیت حاصل کی تو اُس کے اعتراف کے طور پر میںبھی کوئی تحفہ ان کی نذر کرنا چاہتاتھا ۔ میری اہلیہ نے مشور دیا کہ آپ ایک سنگر ہیں ایک منفرد سا ترانہ ان کے لیے گائیں ۔ سو وہ ترانہ میں نے گایا ۔ اللہ کا فضل و کرم شامل حال رہا اور مجھے اور میرے ترانے کو مقبولیت اور پذیرائی حاصل ہوئی ۔اس کے بعد بھی میں پی ٹی آئی کا ایک ترانہ اور گایا ۔ گذشتہ دنوں ’’ لہلہاتا خیبر پختونخواہ ‘‘ کے ٹائٹل سے ایک گیت بھی گایا ہے جو میں نے لائیو خان صاحب کی خدمت میں پیش کیا ۔ اور انہوں نے دل کھول کر داد دی ۔
٭ جرات :۔ آپ کی سیاست صرف گانے اور ترانے کی حد تک محدود رہے گی یا انتخابات میں بھی حصہ لیں گے ؟
عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی :۔دیکھیے میں اپنے کپتان کی ٹیم کا حصہ ہوں ۔ ان کی جماعت کے لیے کام کر رہا ہوں ۔ ان کے حلقہ انتخاب میں موجود رہتا ہوں ۔ میرا ابھی تک ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ انتخابات میں حصہ لوں ۔ اگر میرا قائد اور کپتان مجھ پر کوئی ذمہ داری ڈالتا ہے یا کوئی حکم دیتا ہے تو میں سر تسلیم خم کروں گا ۔
دل اُس کو دیا ہے تو وہی اس میں رہے گا
ہم لوگ امانت میں خیانت نہیں کرتے
٭جرات :۔ کہیں ہم نے پڑھا تھا کہ آپ نے اپنا کتبہ تیار کر واکر اُس پر کچھ لکھوایا ہے ۔۔یہ کیا ماجرا ہے ؟
عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی :۔ یہ دنیا فانی ہے ۔ میں پہلے بھی کہ چُکا ہوں کہ میں آج کی نہیں کل کی راحت کا طلبگار ہوں ۔ مجھے اپنی مٹی اور سرزمین سے جنون کی حد تک پیار ہے ۔ میری سانسیں اس سرزمین کے لیے وقف ہیں۔ میں نے اپنے گھر سے متصل اپنی بیٹی کے نام سے منسوب ’’ لاریب مسجد ‘‘ کے ساتھ اپنی جگہ مختص کی ہے ۔ کتبہ پر اپنے ایک گیت کے بول لکھوائے ہیں ۔ راہ وچ قبر ہووے شالا لنگھے او دعا کرکے ۔۔۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ میری قبر سر راہ بنائی جائے شاید کبھی ’’اُس ‘‘ کا بھی وہاں سے گذر ہو جائے اور وہ دعا کے لیے ہاتھ اُٹھا لے ۔
٭جرات :۔ آج کی ملاقات کی وساطت سے آپ کیا پیغام دینا چاہیں گے ؟
عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی :۔ میرا پیغام وہی ہے جو ایک دردمند پاکستانی کے دل کی آواز ہے ۔ میرے لبوں پر ہمیشہ وطن عزیز کی سلامتی اور خوشحالی کی دعائیں مچلتی ہیں ۔ ہم سب کو اتفاق و اتحاد کے ساتھ مل کر رہنا چاہیے ہمارا اتحاد اور یکجہتی ہی ہماری بقاء اور خوشحالی کی ضمانت ہے ۔
توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے بعد پی ٹی آئی کارکنان آپے سے باہر ، قیادت کی جانب سے کارکنان کو نہیں روکا گیا تشدد کسی صورت قبول نہیں،پی ٹی ائی کا معافی مانگنے اور واضع لائحہ عمل نہ دینے تک بائیکاٹ کرینگے، صحافیوں کا اعلان توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنان...
پہلے ہی اِس معاملے پر بہت تاخیرہو چکی ہے ، فوری طور پر اقوام متحدہ جانا چاہیے، پاکستان کے دوست ممالک مدد کرنا چاہتے ہیں سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ ہوناچاہیے، ملک میں زرعی ایمرجنسی لگائی جانی چاہیے، ملتان میں متاثرین سے خطاب چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ...
محکمہ موسمیات نے اگلے 2 روز میں مزید موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کردیا،شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت پورٹ قاسم سمندر میں ماہی گیروں کی کشتی الٹ گئی، ایک ماہی گیر ڈوب کر جاں بحق جبکہ تین کو بچا لیا گیا، ریسکیو حکام کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے...
قدرتی آفات کو ہم اللہ تعالیٰ کی آزمائش سمجھ کر اِس سے نکلنے کی کوشش کرتے ہیں ، امیر جماعت اسلامی چالیس سال سے مسلط حکمران طبقے سے صرف اتنا پوچھتا ہوں کہ یہ کس کو بے وقوف بناتے ہیں، گفتگو امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سیلاب کے نقصانات میں ہمارے حکمرانوں کی...
کسی بھی معاہدے میں اسرائیل کا فلسطین سے مکمل انخلا شامل ہو نا چاہئے ہم اپنے عوام پر جارحیت کو روکنے کی ہر کوشش کا خیرمقدم کرتے ہیں، بیان فلسطینی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی گئی آخری وارننگ کے بعد فوری طور پر مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کے لیے تی...
بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا، مزید سیلابی صورت حال کا خدشہ،متعلقہ اداروں کا ہنگامی الرٹ جاری،ملتان میں ریلے سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے ایک عملی منصوبہ تیار کر لیا ،وزارت آبی وسائل صوبے بھر میں مختلف مقامات پر طوفانی بارشوں کا خطرہ ،پنجاب سے آنیو...
نماز فجر کے بعد مساجد اور گھروں میں ملکی ترقی اورسلامتی کیلئے دعا ئیں مانگی گئیں، فول پروف سکیورٹی انتظامات کراچی سے آزاد کشمیر تک ریلیاں اورجلوس نکالے گئے، فضائوں میں درود و سلام کی صدائوں کی گونج اٹھیں رحمت اللعالمین، خاتم النبیین، ہادی عالم حضرت محمد ﷺ کی ولادت ...
قوم کو پاک فضائیہ کی صلاحیتوں پر فخر ہے،پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملکی حدود کا دفاع کیا،صدرآصف علی زرداری پاکستانی فضائیہ ہمیشہ کی طرح ملکی خودمختاری، جغرافیائی سرحدوں اور سالمیت کا بھرپور دفاع کرتی رہے گی،شہبازشریف صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے ...
افواج پاکستان نے 6 ستمبر 1965 کو بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے،امیر جماعت اسلامی پاکستان کسی ایکس وائی زی صدر وزیراعظم یا بیوروکریٹ کا نہیں ہے بلکہ پاکستانیوں کا ہے،میڈیا سے گفتگو لاہور(بیورورپورٹ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بھارت کان کھول ...
6ستمبرشجاعت اور بہادری کاتاریخ ساز دن،شہدا اور غازیوں کے ورثے سے ملنے والی طاقت ، جذبہ اور شجاعت ہماری اصل قوت ہے،محسن نقوی یومِ دفاع ہماری جرات کی روشن علامت ہے،پاک فوج نے ایک طاقت رکھنے والے دشمن کو شکست دی ،غرور کو توڑ کر ملک کا نام روشن کیا،مصطفی کمال وفاقی وزرا نے کہا ہے...
ایٔر فورس ڈے پر پاک فضائیہ کے شہداء کو خراج عقیدت اور غازیوں کی جرأت کو سراہتا ہوں، چیئرمین پیپلز پارٹی 7 ستمبر ہماری تاریخ میں جرأت، قربانی اور پاکستان ایٔر فورس کی بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیت کا دن ہے،پیغام پاکستان پیپلز پارٹی کے چیٔرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکس...
پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اجلاس کیوں نہیں بلایا گیا؟سپریم کورٹ رولز کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے کیوں کی گئی؟اختلافی نوٹ کو جاری کرنے سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کیلئے انفرادی طور مشاورت کیوں کی گئی؟ ججز کی چھٹیوں پر جنرل آرڈر کیوں جاری کیا گیا؟ آپ ججز کوکنٹرولڈ فورس کے طور پ...