... loading ...
میری بات/روہیل اکبر
قوم کو مبارک ہوکہ قومی حکومت نے قوم پر بوجھ بننے والے قومی ادارے کوہمارے نیشنل ہیرو قائد اعظم محمد علی جناح کے جنم دن سے دو دن پہلے 135ارب روپے میں بیچ کر قوم کی خسارے والے سودے سے جان چھڑوا دی۔ ہمارے حکمرانوں میں ایک بھی شخص ایسا نہیں ہے جس نے اپنے ادارے فروخت کیے ہوں بلکہ حکومت میں شامل ہر فرد نے ایک ایک مل سے کئی کئی ادارے بنا لیے لیکن ان سب کاروباری حضرات سے مل کر ایک قومی اداررہ نہ سنبھالا گیا ۔پی آئی اے سے پہلے پاکستان اسٹیل مل تباہ وبرباد کی گئی اور اب پی آئی اے کی نجکاری کے بعد قائد اعظم کا خواب بھی چکناچور ہوگیا ۔پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) محض ایک ادارہ نہیں بلکہ یہ قومی تشخص، خودداری اور خود انحصاری کی علامت تھی ۔وہ قومی ائیر لائن جس نے ایک زمانے میں نہ صرف پاکستان کا پرچم دنیا کے کونے کونے میں لہرایا بلکہ کئی ترقی یافتہ ممالک کے لیے رول ماڈل بھی بنی اورر اسی رول ماڈل کو ہم نے ناسور بنا دیا جسے آخرکار کاٹنا پڑا جو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی سوچ اور خواہشات کے سراسر منافی ہیں ۔قائداعظم ایک مضبوط، خودمختار اور باوقار پاکستان کے خواہاں تھے۔ ان کے نزدیک قومی ادارے ریاست میں ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔
1955ء میں قائم ہونے والی پی آئی اے نے بہت کم عرصے میں وہ مقام حاصل کیا جس کا خواب شاید بڑی بڑی ائیرلائنز بھی نہیں دیکھ سکتی تھیں۔پی آئی اے ایشیا کی پہلی ائیر لائن تھی جس نے جیٹ طیارہ متعارف کرایا ۔چین، مشرقِ وسطیٰ اور یورپ کے لیے پروازیں شروع کیں اور کئی ممالک کی ائیرلائنز کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔یہ وہی پی آئی اے تھی جس نے ایمریٹس، سنگاپور ائر لائنز اور کورین ائیرجیسے اداروں کی بنیاد رکھنے میں عملی معاونت کی۔ ایک وقت تھا جب پی آئی اے کو ”The Great People to Fly With” کہا جاتا تھا اور اس کا عملہ دنیا بھر میں پیشہ ورانہ مہارت، شائستگی اور وقار کی مثال سمجھا جاتا تھااتنی بلندی کے بعد پستی کا سفرشروع کیسے ہوا؟ دنیا کو اڑان سکھانے والا ادار اپنے ہی پر کٹوا بیٹھا کوئی تو وجہ ہوگی ناکہ قومی ادارہ خسارے میں کیسے چلا گیا؟اس کا جواب نجکاری میں نہیں بلکہ سیاسی مداخلت، نااہل تقرریوں، اقرباپروری، کرپشن اور ناقص حکمرانی میں پوشیدہ ہے۔ ہر آنے والی حکومت نے پی آئی اے کو اپنے سیاسی کارکنوں کے لیے روزگار اسکیم بنا دیا۔ انتظامی امور ماہرین کے بجائے پسند ناپسند کی بنیاد پر چلائے گئے جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔نجکاری دراصل مسائل کا حل نہیں بلکہ قومی اثاثے کو سستے داموں فروخت کرنے کا دوسرا نام ہے سوال یہ ہے کہ اگر پی آئی اے خسارے میں ہے تو کیا دنیا کی دیگر بڑی ائیر لائنز کو کبھی نجکاری کے نام پر فروخت کیا گیا؟ کیا ترکی نے ترک ائیر لائنز، قطر نے قطر ائیر ویز یا امارات نے ایمریٹس کو بیچ دیا؟ نہیں بلکہ ان ممالک نے اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کرکے پیشہ ورانہ بنیادوں پر چلایا۔پی آئی اے کی نجکاری دراصل اس نظریے سے انحراف ہے جس کے تحت پاکستان وجود میں آیا ۔یہ قومی سلامتی، ایمرجنسی حالات، بیرونِ ملک پاکستانیوں کی سہولت اور ریاستی وقار سے بھی جڑا ہوا معاملہ ہے۔ کسی بھی بحران میں قومی ائیر لائن ہی سب سے پہلے ریاست کے کام آتی ہے نجی کمپنی نہیں۔ ضرورت اس امر کی تھی کہ پی آئی اے کو بیچنے کے بجائے اصلاح، احتساب اور پیشہ ورانہ انتظام کی راہ اپنائی جاتی۔ قائداعظم کے پاکستان میں قومی ادارے کمزور نہیں بلکہ مضبوط ہونے چاہیے تھے ۔اگر ہم واقعی ان کے وژن کے امین ہیں تو ہمیں پی آئی اے کی نجکاری نہیں بلکہ قومی فخر بنانا چاہیے تھا ۔قائداعظم نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا وہ ایک خوددار، خودمختار اور اپنے قومی اداروں پر فخر کرنے والی ریاست تھی اگر وہ آج ہوتے تو شاید یہ سوال ضرور کرتے کہ کیا ہم نے پاکستان اس لیے بنایا تھا کہ اپنے قومی اثاثے چند سرمایہ داروں کے ہاتھوں گروی رکھ دیں؟
پی آئی اے وہ ادارہ ہے جس نے جنگوں، قدرتی آفات اور قومی بحرانوں میں ریاست کا ساتھ دیا 1965ء اور 1971ء کی جنگیں ہوں یا بیرونِ ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی، پی آئی اے ہمیشہ فرنٹ لائن پر کھڑی رہی۔ نجی ائیر لائن منافع دیکھتی ہے قومی ائیر لائن قوم دیکھتی ہے۔ حکمرانوں کا مؤقف ہے کہ پی آئی اے خسارے میں ہے۔ اس لیے نجکاری ضروری ہے مگر سوال یہ ہے کہ خسارہ ادارے کا ہے یا کرپٹ نظام کا؟کیا پی آئی اے میں سیاسی بھرتیاں نہیں ہوئیں؟کیا نااہل افراد کو اہم عہدوں پر نہیں بٹھایا گیا؟کیا جہاز گراونڈ کرنے، روٹس بند کرنے اور کمیشن کھانے کی کہانیاں سب کو معلوم نہیں؟حیرت انگیز بات یہ ہے کہ جن حکمرانوں نے پی آئی اے کو تباہ کیا اب وہی اسے بیچنے کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں یہ بالکل ویسا ہی ہے جیسے پہلے گھر کو آگ لگائی جائے اور پھر کہا جائے کہ اب ملبہ ہی فروخت کیا جا سکتا ہے۔ دنیا کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔ ترکی نے ترک ائر لائنز کو ریاستی سرپرستی دی، قطر نے قطر ایئرویز کو قومی وقار کا مسئلہ بنایا امارات نے ایمریٹس کو عالمی برانڈ بنایا کسی نے یہ نہیں کہا کہ چونکہ خسارہ ہے اس لیے بیچ دو وہاں اصلاح کی گئی احتساب ہوا اور سیاست کو اداروں سے باہر رکھا گیا لیکن ہم نے ہر ادارے میں سیاست کو اس قدر گھسیڑ دیا کہ پھر ادارے ختم ہونا شروع ہوگئے۔ پی آئی اے کی نجکاری دراصل یہ اعتراف ہے کہ ہم قومی ادارے چلانے کی صلاحیت کھو چکے ہیں یہ اعتراف ہے کہ ہم قائداعظم کے وژن کے امین نہیں رہے ۔آج پی آئی اے گئی کل ریلوے جائیگی پرسوں اسٹیل مل اور پھر شاید پانی، بجلی اور گیس بھی۔یہ محض ایک ائیر لائن کا معاملہ نہیں۔ یہ ریاست کے کردار کا سوال ہے ہمارے قومی رہنمائوں کو سوچنا پڑے گا کہ کیا ہم قائداعظم کے پاکستان میں رہنا چاہتے ہیں یا آئی ایم ایف کے پاکستان میں؟ ایک اور بات کہ قومی ادارے بیچے نہیں جاتے سنبھالے جاتے ہیں اور جو ادارے نہیں سنبھال سکتا وہ ملک کیسے سنبھالے گا؟
٭٭٭