وجود

... loading ...

وجود
وجود

میں کون ہوں؟

جمعرات 16 فروری 2023 میں کون ہوں؟

میرا پوائنٹ زیرو ہے، مگر میں زیرو نہیں۔ کیا تم مجھے جانتے ہو، میں کون ہوں؟
میں وہ الفاظ بیچتا ہوں، جس کی تھاہ میں معنی نہیں، پیٹ کی آوازیں ہیں۔ میرے فقرے، سودے ہیں۔ میری ملاقاتیں بیسوائی طبیعت کی تسکین ہے۔ حکمرانوں سے میری محبت اُن کی عطا کے پیمانے سے ہے۔ اشرافیہ جہاں کی ہو، مجھے عزیز ہے، وہ بھلے میرے لیے نہ ہوں، مگر میں اُن کا ہوں، اگر یہ اپنی تجوریوں سے مجھے نیوتے بھیجیں، مجھے فروختنی صحبتیں دیں۔ میں اُن کی منحوس صحبتوں کی معیوب سرسراہٹ میں ہم بستر رہتا ہوں۔ یہاں کی کروٹیں مجھے ساز گار ہیں۔ میری ایک کروٹ میں دَروغ و مکر و فُسوں کی ایک پوری دنیا آباداور نفاق وعناد کی نگری بسی ہے۔ میری دوسری کروٹ میں اخفاو کتِمان کا ایک جہان سجا ہے۔ میں ان خبیث و غلیظ صحبتوں کو عزیز و لذیذ بنا تا ہوں۔ میں حرام کو حلال کرتا ہوں، مکروہات و منکرات کو مباح اور روا بناتا ہوں۔ کیا تم جانتے ہو، میں کون ہوں؟
میں ایک متروک غار کا قیدی ہوں، جس پر جھوٹ کی کالک ملی ہوئی ہے۔ جہاں چوبیس گھنٹے رات رہتی ہے۔ جہاں آوازیں اُدھار لی جاتی ہیں۔ اور اُن آوازوں سے رات کی تقدیس کے گیت گائے جاتے ہیں۔ میں اُن گیتوں کا گَوَیّا ہوں۔ سنو! سنو! میں نحوست بھری زندگی کو توقیر دیتا ہوں۔ مکروفریب کو نئے معنی دیتا ہوں۔ نفاق کو دین بناتا ہوں، فساد کو روح افزا کرتا ہوں۔ عناد میری رگوں کا خون ہے۔ میں نے ایمانداری کا سبق کنچن سے لیا۔ اُس کی ایمانداری کا میں دل سے قائل ہوں۔ میرے سودے اُس کی پیروی میں ہیں۔ میں الفاظ سے فقروں کے بستر سجاتا ہوں۔ اُس پر حیا کو سلاتا ہوں۔ میں خونی نم زدہ زمین پر کھیتی باڑی کرتا ہوں، جہاں موت مقتولوں کی کھوپڑیاں بوتی ہیں۔ میرے معبد کی اعلیٰ ترین عبادت شیطانوں کا وحشیانہ ناچ ہے۔ جب مقتولین کی بیوائیں غم کی چادر سے چہرہ ڈھانپتی ہیں تو میں سرخوشی میں قاتلوں کے ساتھ شیطانوں کی عبادت میں شریک ہوتا ہوں۔ میں مفلوک الحال مسخروں کے ایک ٹولے سے اُٹھ کر حرص کی رتھ پر سوار ہوا۔ اب میں زمین پر پاؤں رکھنے کو تیار نہیں، اڑنا ہی میری خواہش ہے چاہے مجھے تاریخ کے زہریلے الاؤ سے اُٹھنے والے دھوئیں میں رہنا پڑے۔
تو کیا ہوا؟ لعنت میرے گلے کا طوق، غلاظت میرے چہرے کا غازہ ہے۔
مجھے گلیلیو کی دوربین اور عمر خیام کی رصد گاہ سے نہیں بلکہ ’’اُس بازار‘‘ کی برائے فروخت مخلوق کے حقے سے رغبت ہے، جس پر ہاتھ لگا کر میں قلم پکڑتا ہوں اور مخالف آوازوں کو راکھ کرتا ہوں۔ میں اجالوں کے پیغام بروں سے کوئی نسبت نہیں رکھتا، سو چھچوندر کے بل کی تاریکی مجھے پسند ہے۔ میں آئندہ میں نہیں جیتا، مجھے اپنے آج سے پیار ہے۔ اسی لیے تارِ عنکبوت کی بے ثباتی مجھے پسند ہے۔ مجھے قوم کے مستقبل کی کیا پروا، اسی لیے قوموں کی آبرو کے نیلام گھر میں اپنی منڈی سجاتا ہوں۔ میری منڈی میں سچ برائے فروخت ہے۔ جہاں انسانی نسلوں کی جنگ آزما تاریخ کھوٹے سکوں میں بکتی ہے۔ جدوجہد اور جرأت کے لفظ کچرے میں پڑے رہتے ہیں۔ آزادی ملاوٹ شدہ ملتی ہے۔ انصاف دُکان میں چھپے چوہے کترتے رہتے ہیں۔ یہاں سب سے بیش قیمت شے بندوق کی نالی ہے، بارود کی بھینی بھینی خوشبو اشتہا انگیز ہے۔
میرا ہنرکیا ہے؟
میرا ہنر غلاظت پر زرق برق ورق ڈالنا ہے۔ میں عَیّار زندگی کو سادہ وعِیار بناتا ہوں۔ میں رہزن کو رہبر دکھاتا ہوں۔ میرے قلم سے بے شرم حیا دار نظر آتے ہیں۔ خاروخس، لعل وگہر کا فریب پیدا کر لیتے ہیں۔ میں بے شرمی پر حیا کا دھوکا ڈالتا ہوں۔ میرا ہنر جنس ارزاں ہے، مگر اس کی بولیاں لگانے والے بہت ہیں۔ لچے، لقندرے، لفنگے، اُچکے، کٹنے، درمیانے، اُٹھائی گیرے، یک لباسے بڑھ چڑھ کر بولیاں لگاتے ہیں۔ میں جن کے لیے بِکتا ہوں، اُن کے لیے بَکتا ہوں۔ میں انصاف کے مندروں میں گھنٹے بجاتا ہوں، دفاعی حصاروں میں پنپتا ہوں۔ سیاسی چوکھٹوں پر ماتھا ٹیکتا ہوں۔ امراء کے کوٹھوں پر ڈکارتا ہوں۔ میں ان کے انحراف کی روش کو صراط مستقیم بناتا ہوں۔ یہاں کے کم اصلوں کو عالی مرتبت دکھاتا ہوں۔ پھوہڑوں کو نیوٹن باور کراتا ہوں۔ مجھے دیکھو! میں مقتول نقیب اللہ محسود کے والد کو تسلی دینے والے منصب دار کا بغلچی، طبلچی اور ڈھنڈورچی ہوں۔ بازؤں کی قوت کے آگے ڈھیڑ۔ میرا قلم اور ذہن اس چوکھٹ پر سجدہ ریز ہے۔ مظلوموں کو روندنے والے سکندر کے گھوڑے مجھے پسند ہیں۔ پہلوانوں کے کمزوروں پر غلبے سے مجھے پیار ہے۔ سڑکوں پر سرکاری بندوقوں کے آگے گڑگڑانے والوں پر میں اپنے قہقہے اچھالتا ہوں۔ کمزوروں پر مقدمات مجھے خوش آتے ہیں۔ میں’’فرشتوں‘‘ کی دید کا دعوے دار ہوں، جن کو میں نے اپنی ذہانت پر مختلف ملمع چڑھا کر متاثر کیا۔ میں تمہارے نزدیک حقارت آمیز نقالی کا ماہر ہوں، مگر میں فرشتوں کی دید میں گم اُن کی صفات کا ناقل ہوں۔ تم کیا جانو؟ میں جن فرشتوں کو مانتا ہوں، اُن سے آسمان کے فرستادے بھی اُلوہیت کا سبق لیتے ہیں۔ میرے لیے ان کے نام علیہ السلام کہے بغیر لینا توہین آمیز ہے۔ تم، کیا تم ان سے لڑوں گے؟ جن کا بارود پیمبروں کے ورثے کو دھوئیں میں اڑا دیتا ہے۔ جن کے ہاتھ حضرت ابراہیم ؑ کے لیے الاؤ جلانے کی طاقت رکھتے ہیں۔ جو موسیٰ کے سامنے خدا بننے کی جرأت دکھا سکتے ہیں۔کون ہو؟ تم کون ہو؟ جوہڑ پر جمی کائی میں پلتے کیڑے، بُھربُھری دیواروں پر چپکی ہوئی بیمار چھپکلیاں اور گھوڑے پر بھنبھناتی ہوئی مکھیاں! تمہاری اوقات ہی کیا ہے؟ بس ووٹ کی پرچی کے علاوہ تمہاری بِساط ہی کیا ہے؟ سنو! میں اُن کی راتوں کا راز دار ہوں، جو تمہاری مسجودیت مستور کرنے کی قوت رکھتے ہیں، تمہارا پتہ تمہارے پتوں سے گم کر دینے کی قدرت رکھتے ہیں۔ میں اپنی جاہلانہ بے شرمی سے ان ستم ظریف آقاؤں کا دل بہلاتا ہوں، ان دیوتاؤں کی چوکھٹ پر صداقت، دیانت اور شرافت کی بھینٹ چڑھاتا ہوں۔
تم کیا جانو، میں کون ہوں؟ الفاظ کی جگالی میرا پیشہ ہے، جس سے میں پیشہ کرتا ہوں، ہزار شوہروں کی بیوی نے حیا کا سبق مجھ سے لیا ہے۔
٭٭٭


متعلقہ خبریں


مضامین
پاکستان کا پاکستان سے مقابلہ وجود پیر 29 اپریل 2024
پاکستان کا پاکستان سے مقابلہ

بھارتی انتخابی مہم میں مسلمانوں کے خلاف ہرزہ سرائی وجود پیر 29 اپریل 2024
بھارتی انتخابی مہم میں مسلمانوں کے خلاف ہرزہ سرائی

جتنی مرضی قسمیں اٹھا لو۔۔۔!! وجود پیر 29 اپریل 2024
جتنی مرضی قسمیں اٹھا لو۔۔۔!!

''مرمتی خواتین'' وجود اتوار 28 اپریل 2024
''مرمتی خواتین''

جناح کا مقدمہ ۔۔ ( قسط نمبر 4) وجود اتوار 28 اپریل 2024
جناح کا مقدمہ ۔۔ ( قسط نمبر 4)

اشتہار

تجزیے
پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ وجود منگل 27 فروری 2024
پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ

ایکس سروس کی بحالی ، حکومت اوچھے حربوں سے بچے! وجود هفته 24 فروری 2024
ایکس سروس کی بحالی ، حکومت اوچھے حربوں سے بچے!

گرانی پر کنٹرول نومنتخب حکومت کا پہلا ہدف ہونا چاہئے! وجود جمعه 23 فروری 2024
گرانی پر کنٹرول نومنتخب حکومت کا پہلا ہدف ہونا چاہئے!

اشتہار

دین و تاریخ
رمضان المبارک ماہ ِعزم وعزیمت وجود بدھ 13 مارچ 2024
رمضان المبارک ماہ ِعزم وعزیمت

دین وعلم کا رشتہ وجود اتوار 18 فروری 2024
دین وعلم کا رشتہ

تعلیم اخلاق کے طریقے اور اسلوب وجود جمعرات 08 فروری 2024
تعلیم اخلاق کے طریقے اور اسلوب
تہذیبی جنگ
یہودی مخالف بیان کی حمایت: ایلون مسک کے خلاف یہودی تجارتی لابی کی صف بندی، اشتہارات پر پابندی وجود اتوار 19 نومبر 2023
یہودی مخالف بیان کی حمایت: ایلون مسک کے خلاف یہودی تجارتی لابی کی صف بندی، اشتہارات پر پابندی

مسجد اقصیٰ میں عبادت کے لیے مسلمانوں پر پابندی، یہودیوں کو اجازت وجود جمعه 27 اکتوبر 2023
مسجد اقصیٰ میں عبادت کے لیے مسلمانوں پر پابندی، یہودیوں کو اجازت

سوئیڈش شاہی محل کے سامنے قرآن پاک شہید، مسلمان صفحات جمع کرتے رہے وجود منگل 15 اگست 2023
سوئیڈش شاہی محل کے سامنے قرآن پاک شہید، مسلمان صفحات جمع کرتے رہے
بھارت
قابض انتظامیہ نے محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو گھر وں میں نظر بند کر دیا وجود پیر 11 دسمبر 2023
قابض انتظامیہ نے محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو گھر وں میں نظر بند کر دیا

بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی توثیق کردی وجود پیر 11 دسمبر 2023
بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی توثیق کردی

بھارتی ریاست منی پور میں باغی گروہ کا بھارتی فوج پر حملہ، فوجی ہلاک وجود بدھ 22 نومبر 2023
بھارتی ریاست منی پور میں باغی گروہ کا بھارتی فوج پر حملہ، فوجی ہلاک

راہول گاندھی ، سابق گورنر مقبوضہ کشمیرکی گفتگو منظرعام پر، پلوامہ ڈرامے پر مزید انکشافات وجود جمعه 27 اکتوبر 2023
راہول گاندھی ، سابق گورنر مقبوضہ کشمیرکی گفتگو منظرعام پر، پلوامہ ڈرامے پر مزید انکشافات
افغانستان
افغانستان میں پھر شدید زلزلے کے جھٹکے وجود بدھ 11 اکتوبر 2023
افغانستان میں پھر شدید زلزلے کے جھٹکے

افغانستان میں زلزلے سے تباہی،اموات 2100 ہوگئیں وجود اتوار 08 اکتوبر 2023
افغانستان میں زلزلے سے تباہی،اموات 2100 ہوگئیں

طالبان نے پاسداران انقلاب کی نیوز ایجنسی کا فوٹوگرافر گرفتار کر لیا وجود بدھ 23 اگست 2023
طالبان نے پاسداران انقلاب کی نیوز ایجنسی کا فوٹوگرافر گرفتار کر لیا
شخصیات
معروف افسانہ نگار بانو قدسیہ کو مداحوں سے بچھڑے 7 سال بیت گئے وجود اتوار 04 فروری 2024
معروف افسانہ نگار بانو قدسیہ کو مداحوں سے بچھڑے 7 سال بیت گئے

عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے وجود منگل 26 دسمبر 2023
عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے

معروف شاعرہ پروین شاکر کو دنیا سے رخصت ہوئے 29 برس بیت گئے وجود منگل 26 دسمبر 2023
معروف شاعرہ پروین شاکر کو دنیا سے رخصت ہوئے 29 برس بیت گئے
ادبیات
عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے وجود منگل 26 دسمبر 2023
عہد ساز شاعر منیر نیازی کو دنیا چھوڑے 17 برس ہو گئے

سولہویں عالمی اردو کانفرنس خوشگوار یادوں کے ساتھ اختتام پزیر وجود پیر 04 دسمبر 2023
سولہویں عالمی اردو کانفرنس خوشگوار یادوں کے ساتھ اختتام پزیر

مارکیز کی یادگار صحافتی تحریر وجود پیر 25 ستمبر 2023
مارکیز کی یادگار صحافتی تحریر