وجود

... loading ...

وجود

پروین شاکر نوخیز جذبوں کی شاعرہ

اتوار 07 جنوری 2018 پروین شاکر  نوخیز جذبوں کی شاعرہ

بیسویں صدی میں اقبال اور جوش سے شروع ہونے والی اردونظم کی پرعظمت شاعری کا تسلسل نصف صدی کے بعد تک بغیر تعطل کے جاری رہا اور فیض گویا اس کلاسیکی روایت کے آخری امین ٹھہرے۔ 1950ء کی دہائی سے ذرا پہلے انگریزی شاعری کے براہ راست اثر کے تحت نظم کی نئی ہیئت آزاد نظم کی صورت میں وجود میں آئی جو اردو نظم کا تسلسل ہی تھا مگر ہیئت کی تبدیلی کے سبب سے افکار و خیال میں اور ان کے اظہار میں بھی تبدیلی بہرحال رونما ہوئی۔ آزاد نظم کی اس نئی روایت کا آغاز پاکستان میں ن م راشد اوربھارت میں غلام ربانی تاباں نے بیک وقت کیا تھا جس کے ساتھ ہی تصدق حسین خالد اور میرا جی نے اس کے سرمائے میں قابل قدر اضافہ کیا تھا۔ انگریزی شاعری کے اثرات میں مزید وسعت 60 کی دہائی کے آخری حصے میں آئی جب فکر و تخیل میں اور شاعری کے موضوعات میں تبدیلی کے ساتھ مختصر بلکہ مختصر ترین نظموں کی نئی ہیئت سامنے آئی جب کہ خواتین شعراء کے کلام میں نسائی احساس اور نسائیت کی تحریک کے اثرات نمایاں ہوئے۔ اس کیفیت اظہار کی نمائندہ شاعرات میں فہمیدہ ریاض کے بعد پروین شاکر کا نام آتا ہے۔ اس سے بہت پہلے ادا جعفری نسائی احساس کی شاعری کی بنیاد رکھ چکی تھیں مگر انہوں نے خود کو محدود نہیں کیا تھا۔

متذکرہ دونوں تبدیلیوں کی نمائندہ شاعری فہمیدہ ریاض اور پروین شاکر کے کلام کے بنیادی اوصاف میں شامل ہے۔ اس سے قبل نسائی اظہار کی شاعری کے اثرات زہرہ نگاہ اور کشور ناہید کے یہاں پائے جاتے تھے مگر پروین شاکر نے نسائی احساسات میں خصوصاً عورت کے جنسی احساسات کے اظہار کو نرم لفظوں میں بیان کرکے زیادہ شہرت اور مقبولیت حاصل کی۔ واضح رہے کہ وہ نسائی شاعری تک محدود رہیں اور فہمیدہ ریاض کی طرح نسائیت کی شاعرہ نہیں بن سکیں۔ تاہم فہمیدہ ریاض کے بعد پروین شاکر 70 کی دہائی میں بہت مقبول شاعرہ ثابت ہوئی تھیں۔

پروین شاکر کی مقبولیت کا بڑا سبب نازک نسوائی احساسات کے اظہار سے لبریز شاعری تھی مگر مختصر نظم میں بھی پروین شاکر کو اختصاص حاصل تھا۔ مختصر نظم کا طریقۂ اظہار 60 کی دہائی کے آخری حصے میں رائج ہوچکا تھا مگر اکثر نظمیں جو مشاعروں میں سنائی جاتی تھیں ان میں اظہار کے تاثر میں اتنی کمی پائی جاتی تھی کہ شاعر کو بتانا پڑتا تھا کہ حضرات نظم ختم ہوگئی ہے۔ اسی طرح جو نظمیں شائع ہوتی تھیں ان میں تاثر اور تاثر اظہار میں کمی کے باعث شدید تشنگی کا احساس ہوتا تھا۔ پروین شاکر کو فخر حاصل تھا کہ اس کی مختصر نظمیں جو تین مصرعوں سے سات آٹھ مصرعوں پر مشتمل ہوتی تھیں تاثر سے خالی نہیں ہوتی تھیں اور ان میں اکثر کسی خیال کے اظہار کی تکمیل نظر آتی تھی۔ یہ دراصل جدید انگریزی شاعری کے براہ راست اثرات کا مسئلہ تھا۔

مختصر نظموں کی صورت میں کسی خیال کی فوری اور تنہا لہر کو گرفت میں لانے کی یہ کیفیت پروین شاکر کے شعری اظہار میں غزل کے ساتھ ساتھ ابتدا سے وجود میں آگئی تھی۔ مختصر نظموں کی مختصر ترین صورت پروین کے پہلے مجموعۂ کلام ’’خوشبو‘‘ میں زیادہ نظر آتی ہے تاہم یہ سلسلہ ’’خود کلامی‘‘ اور پھر آخری مجموعہ شعری انکار تک جاری رہا اور پسند کیاگیا تھا۔ تاہم اس پسندیدگی کا سبب محض اختصار نہیں تھا بلکہ ان نظموں کا نفس مضمون تھا جہاں کسی نو خیز لڑکی کے رومانی احساسات کی لہروں کو قلم بند کیا گیا تھا۔ مختصر نظموں کا سلسلہ جب وسیع ہوا تو اس میں کہیں کہیں جنسی احساس کی لطیف لہریں بھی نظر آئیں۔ اس طرح پروین شاکر کی شاعری میں مختصر نظم نوجوان نسل بلکہ نو خیز نسل میں مقبولیت کا سبب بنی۔ واضح رہے کہ جنسی احساسات کے بارے میں نوخیز جذبوں کے اظہار کے شیدائی ہر عمر کے قاری میں اور خصوصاً غیر سنجیدہ قاری میں کثرت سے پائے جاتے ہیں اور سنجیدہ قاری کی مخصوص تعداد بھی اس کی اسیر ہوتی ہے۔ سو پروین شاکر کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ 70 کی دہائی کے ابتدائی برسوں کی بات ہے۔ مگر پروین شاکر کی مقبولیت میں ان کی غزل کے اشعار کے ساتھ اس زمانے کے معروف ٹی وی اینکرز کا بڑا حصہ تھا۔ اس وقت صرف ایک ہی چینل یعنی PTV ہوا کرتا تھا جس کے معروف معدودے چند اینکرز طارق عزیز، دلدار پرویز بھٹی سمیت موقع بے موقع پروین شاکر کے اشعار سنایا کرتے تھے۔

ابھی میں نے یہ عرض کرنے کی کوشش کی ہے کہ پروین شاکر کی غزل کے اشعار ٹی وی اینکرز کی جانب سے بار بار پڑھے جانے کے سبب اس کی مقبولیت میں اضافے کا سبب بنے تھے اور اس سے قبل میں نے یہ عرض کیا ہے کہ رومان اور نوخیز محبت نازک جنسی جذبات اور اس سے ملحق احساسات سے مملو پروین شاکر مختصر اورنسبتاً مختصر نظمیں کی مقبولیت بلکہ ایوان ادب میں اس کی پہلی شناخت کا سبب بنی تھیں۔ اب میں نظم اور غزل کو علیحدہ علیحدہ مقبولیت کا سبب بتانے یعنی ان دونوں باتوں کے ظاہری تضاد اس کو ختم کرنے کے لیے یہ عرض کرتا ہوں کہ غزل کے اشعار میں بھی پروین شاکر کے وہی اشعار زبان زد خاص و عام ہوئے تھے جن میں جنسی احساس کی خفی یا جلی لہر موجود تھی۔ مثلاً ؎
حسن کے سمجھنے کو عمر چاہیے جاناں
دو گھڑی کی چاہت میں لڑکیاں نہیں کھیلتیں
صبح میرے جوڑے کی ہر کلی سلامت تھی
گونجتا تھا خوشبو میں رات بھر کا سناٹا
ابر گریز پا کو برسنے سے کیا غرض
سیپی میں بن نہ پائے گہر تم کو اس سے کیا
وہ رات پھر مجھے سوتے میں ڈسنے آئے گا
وہ جانتا ہے کہ کھلتا ہے مجھ پہ زہر کا رنگ
کہہ رہا ہے کسی موسم کی کہانی اب تک
جسم برسات میں بھیگے ہوئے جنگل کی طرح
پروین شاکر کی مقبولیت کے مسلم ہونے میں مہدی حسن کی آواز کا بڑا حصہ ہے جب کہ مہدی حسن کی گلوکاری تک پروین شاکر کی رسائی میں ٹی وی اور ٹی وی اینکرز کا بڑا دخل ہے۔

دوسری بات یہ ہے کہ پروین شاکر اپنے آخری مجموعے انکار تک آتے آتے اپنی غزل کے حوالے سے پہچانی جانے لگی تھی لیکن پروین کی پہلی پہچان نظم ہی تھی میں نے پروین شاکر کی نظم کو اپنا موضوع اسی لیے قرار دیا ہے کہ نظم میں پروین شاکر اپنا الگ تشخص رکھتی ہے جب کہ غزل میں چند مقبول غزلوں اور معدودے چند اشعار کے علاوہ اسے اختصاص حاصل نہیں ہے کیونکہ اس کی غزل کا اپنا الگ کوئی اسلوب نہیں ہے بلکہ الگ لہجہ بھی مرتب نہیں ہونے پایا تھا۔

نظم میں پروین شاکر کے اختصاص کے محور اور اس کی اساس یعنی اس کے موضوع سخن اور رومانی احساسات کے بے باکانہ اظہار کی بات میں ابتدا ہی میں کرلی تھی مگر وہ اجمالی بیان تھا جسے تفصیل سے بیان کرنا ضروری ہے۔ یعنی پروین کے موضوع سخن اوربے باک اظہار کی تفصیل کے لیے اس کی نظموں کے حوالے بھی ضروری ہیں مگر اس سے قبل اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ میں پروین شاکر کو نسائی احساس کے اظہار تک محدود رہنے والی شاعرہ اور نسائیت کی شاعرہ نہ بن سکنے کی بات کیوں کرتا ہوں۔

سو اس اجمال کی تفصیل یہ ہے کہ ہر چند اردو کی شعری روایت میں خواتین کا نام یعنی خواتین شعرا کا نام بیسویں صدی کے آخری نصف حصے میں بار سماعت ہو پایا اور اس سے قبل انیسویں صدی میں مہہ لقا چندا بائی اور بیسویں صدی کی ابتداء میں علامہ اقبال کے زمانے میں صرف ز خ ش (زاہدہ خاتون شیروانیہ) کا نام ہی ملتا ہے۔ یا مذہبی شاعری میں روپ کماری کا نام مستند ہے مگر 40 کی دہائی میں 1936ء کی ترقی پسند تحریک کے باضابطہ اعلان و ترویج کے بعد سے آج تک اردو میں خواتین شاعرات کی خاصی تعداد سامنے آئی تھی تاہم اس فہرست کو بھی تین ذیلی فہرستوں میں منقسم کیا جاسکتا ہے یعنی خواتین کی شاعری، نسائی شاعری اور نسائیت کی شاعری۔ پہلی نوعیت میں وہ شاعری ہے جو خواتین نے تخلیق کی تاہم اگر نام حذف کردیا جائے تو اسے خاتون کی شاعری سمجھنے کا کوئی احتمال نہیں رہتا۔ اس شاعری کا تعلق فارسی شاعرہ زیب النسا سے آج تک گھریلو خواتین کی وہ شاعری ہے جو مختلف اہل قلم خاندانوں کی خواتین کرتی چلی آئی ہیں۔ تاہم اس شاعری میں عظمت کی راہ اس طرح نکلتی ہے کہ وہ شعری اظہار جو زندگی کے بارے میں شاعر کے حسی اورمشاہداتی تجربات سے رونما ہونے والے جذباتی اور حسیاتی یا احساساتی ردعمل سے وجود میں آتا ہے اس کی اکثریت صنفی احساسات سے ماورا ہے یعنی شاعری کی مجموعی اعلیٰ صورت اس بات سے عاری ہے کہ تخلیق کار مرد ہے یا عورت۔ ایسی شاعری کے ضمن میں البتہ 40 کی دہائی کے آخر میں خواتین شعرا کے یہاں اظہار میں تانیث کا صیغہ استعمال ہونے لگا تھا (اسے اختر شیرانی کا اثر بھی کہا جاسکتا ہے) جس سے پہچان کی عمومی شکل میں آسانی فراہم ہوئی تھی۔ شاعری کی اعلیٰ اقدار اور اعلیٰ شعری اظہار میں نسوانی احساس کی شرط کو لازم نہ سمجھنے والی سب سے بڑی شاعرہ کے طور پر ادا جعفری کا نام لیا جاتا ہے جب کہ اس مختصر فہرست میں سحاب قزلباش، زہرہ نگاہ، شہناز مزمل اور صفیہ ملیح آبادی کے نام آتے ہیں۔

دوسری فہرست میں ان خواتین کے نام ہیں یا ایسی شاعری ہے جس میں خالص نسائی احساسات جذبات کے نازک مرحلوں کا اظہار کیا گیا ہے جسے پڑھ کر صاف پتا چل جاتا ہے کہ تخلیق کار عورت ہے۔ اس شاعری کو نسائی شاعری کہا جاتا ہے تاہم خاتون شاعر پر یہ لازم نہیں ہے کہ وہ نسانی احساسات کے اظہار تک محدود رہے بلکہ ایسی شاعرات کی اکثر شاعری ان کے صنفی احساسات سے ماورا بھی نظر آتی ہے۔

خاتون شعرا کی شاعری کی تیسری نوعیت وہ شاعری ہے جس میں عورت کے شخصی وجود ہونے کا اظہار بھی ہے اور شعری اظہار میں مردانہ معاشرے کے کسی بھی جبر کو نا مانتے ہوئے ہر اس موضوع پر گفتگو کا ادعا ہے جو معاشرے میں شجر ممنوعہ کہلاتا رہا ہے۔ شاعری کی یہ نوعیت جو مغرب کی نسائیت کی تحریک کے اثرات کے تحت رونما ہوئی ہے دراصل اس شعری اظہار پر مشتمل ہے جو عورت کے ہر نوعیت کے استیصال یعنی جنسی اور شخصی استیصال سے فکری استیصال تک کے خلاف احتجاج اور فریاد اور اس کے خلاف بغاوت پر دلالت کرتاہے۔ اس تحریک کے ابتدائی مراحل میں مغربی ادب میں ورجینیا وولف اور جیمس جوائس کا نام آتا ہے اور اس کی انتہائی شکل میں مغربی شاعرہ اور ادیبہ سلویا پلاتھ کا نام سب سے زیادہ اہم ہے۔
(سلویا پلاتھ کی زندگی کا اختتام خودکشی پر ہوا تھا)

ان تعریفات کی روشنی میں پروین شاکر کی نظم کا مطالعہ بتاتا ہے کہ اس نے اول اول نو خیز لڑکی کے نو خیز رومانی جذبات کو مختصر نظموں کی صورت میں قلم بند کیا اور پھر خالص نسوانی احساسات کی ترجمانی کو اپنی شاعری کا موضوع بناتے ہوئے نسبتاً طویل نظموں میں اپنے اظہار کو جاری رکھا۔ پروین شاکر کی شاعری کے اولین دور میں اپنی شاعری میں (جو اس کے پہلے مجموعے خوشبو کا حصہ ہے) نوخیز جذبوں سے آگے بڑھ کر نازک نسوانی احساسات اور پھر جنسی جذبے اور احساس کے اظہار کی شاعری کی۔ جس میں جنسی احساس اور اس کی تسکین کی صورت میں حاصل ہونے والی سرشاری کو بھی قلم بند کیا۔ پروین شاکر کی شاعری کا یہی دور اس کی شناخت اور مقبولیت کا دور ہے جس کا تسلسل آخری عمر تک یعنی اسلام آباد میں اس کی حادثاتی موت تک جاری رہا۔ اس پہلے دور کی شاعری میں اس نوعیت کے اظہار تک وہ بہت جلد پہنچ گئی تھی اور اس منزل پر ابتدا میں ان کا اظہار سادہ تھا مگر جلد ہی استعاراتی طرز اور تراکیب لفظی کی خوبصورتی اس میں شامل ہوگئی۔

اس بات کو محسوس کرنے کے بعد کہ ایک نوجوان شاعرہ کی طرف سے ایکسئیسی کے اتنے کھلے اظہار کی اس نظم نے ستر کی دہائی میں کیا دھوم مچائی ہوگی اس بات کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ پروین شاکر کا اختصاص یہی رہا تھا اور ہے۔ تاہم جب اس کی عمر اور شعور میں اضافہ ہوا تو یہ اظہار بھی علامت اور استعارہ کے پیرہن اختیار کرتا چلا گیا اور موضوعات سخن میں وسعت آئی تھی مگر پروین شاکر نسائیت کی شاعری تک نہیں پہنچی اور نسائی شاعری تک محدود رہی۔ نسائیت سے ایک قدم بلکہ کئی قدم آگے بڑھ کر جنس کو موضوع بنانے اور اس کے احساسات کا کھل کر اظہار کرنے کی باغیانہ صفت اس کی شاعری کا حصہ ضرور بنی تھی مگر عورت کے استیصال کے بارے میں احتجاج اس کی شاعری کا اس طرح حصہ نہیں بنا کہ اسے نسائیت کی شاعرہ سمجھا جاسکے۔ سو میں اسے نسائی احساس کے اظہار کی بے حجاب شاعرہ کہتا ہوں۔

عہد موجود کی شاعرات میں نسائیت کی تحریک کی ترجمانی کرنے والی شاعرہ فہمیدہ ریاض ہیں۔ اس تحریک کے براہ راست اثرات میں فہمیدہ ریاض کے یہاں بغاوت یعنی سماج کی ان روایات سے بغاوت کا رجحان بلکہ اعلان پایا جاتا رہا ہے جو مردانہ حاکمیت کے مشاعرے نے نافذ کر رکھی ہیں۔ اس سے قبل کبھی کشور ناہید نے نسائیت کا چیمپئن بننے کی کوشش کی تھی مگر وہ بے باک مردانہ لہجے (شاعری میں کم اور گفتگو میں زیادہ) سے آگے نہیں بڑھ پائی تھیں۔

یہاں یہ عرض کرنا بھی ضروری ہے کہ اردو میں شاعرات کی اکثریت ادا جعفری کی شعری روایت سے منسلک ہے جہاں نسوانی احساسات یا نسائی طرز اظہار شرط اول نہیں ہے بلکہ شاعری اور اس کی اقدا اور اس کی جمالیات اہم ہیں۔ لاہور میں ثمینہ راجا (مرحوم) یاسمین حمید منصورہ احمد(مرحوم) کے نام اہم ہیں جب کہ کراچی میں شاہدہ حسن، شاہدہ تبسم، پروین حیدر ، معصومہ شیرازی اور رخسانہ صبا قابل ذکر ہیں اور اس روایت کا حصہ ہیں۔ یہ تمام شاعرات پروین شاکر کی طرح شہرت حاصل نہیں کرسکیں کیونکہ انہوں نے جنسی جذبے اوراحساسات کو اس طرح موضوع نہیں بتایا جس طرح پروین شاکر نے بتایا تھا اور پھر یہ بھی ہے کہ ان کے زمانے تک میڈیا کے پھیلاؤ خصوصاً الیکٹرانک میڈیا کے پھیلاؤ کے باوجود یعنی ٹی وی چینل کی بہتات کے باوجود اس میڈیا نے ادب اور شعر کو اپنی ترجیحات سے نکال دیا تھا۔ اور اب وہ اینکر پرسن بھی نہیں رہے جو کسی خاتون شاعر کے اشعار گاہ گاہ سناتے رہتے تھے۔

وہ اینکر پرسن تو نہیں رہے سوائے انور مقصود کے (جو اب اسٹیج ڈرامہ کے حوالے ہوگئے ہیں) مگر ان کے سبب پروین شاکر کی شاعری عوام کے حافظہ کا حصہ بہرحال بن گئی تاہم صرف ایسا نہیں تھا کہ اینکر پرسن کی عنایات کام آئی ہوں بلکہ پروین شاکر کی شاعری میں نو خیز ذہنوں کے ساتھ رومان پسند لوگوں کے لیے بھی جاذبیت موجود تھی۔

پھر یوں ہوا کہ ’’خوشبو‘‘ کی1977ء میں اشاعت اول کے ساتھ ہی مہدی حسن کی آواز نے پروین شاکر کی مقبولیت میں عوامی مقبولیت کا رنگ بھر دیا اور ہم جیسے اہل ادب نے اپنے تئیں سوچ لیا کہ اب پروین شاکر کے یہاں نو خیز عشق اور جنسی تجربے کی نوخیزیت کا زمانہ ختم ہوجائے گا اور ان کی غزل میں جو بلوغت فکر نظر آنے لگی تھی وہی ان کی نظم میں بھی نظر آنے لگے گی۔ مگر ان کے دوسرے مجموعے ’’صد برگ‘‘ میں ان کی یہ نظمیں محل نظر بنیں تو پتہ چلا کہ نوخیز عشق کی چاہت اور نو خیز جنسی تجربے کی حدت پروین کی شاعری کا مستقل موضوع بن چکے ہیں۔ یہ نظمیں ملاحظہ کریں جس کے توسط سے مجھے یہ عرض کرنا ہے کہ عشق نوخیز اور جنسی تجربے کے نازک احساسات کا اظہار میں اس کے آخری مجموعے ’’انکار‘‘ تک تسلسل پایا جاتا ہے۔ جذبہ اوراحساس اور اس کے اظہار کی نوخیزیت کو تاحیات برقرار رکھنا یا اس کا برقرار رہنا ساری تنقیدی روش کا ہدف ہونے کے باوجود پروین کے کلام کی ایک منفرد صفت ٹھہرتی ہے۔ ملاحظہ فرمائیں ؎
وصال

خمار لذت سے ایک پل کو/جو آنکھیں چونکیں/تو نیم خوابیدہ سرخوشی میں/غرور تاراجگی نے سوچا/خدائے برتر کے قہر سے /آدم و حوا/بہشت سے جب بھی نکلے ہوں گے/سپردگی کی اسی انتہا پر ہوں گے/اسی طرح ہم بدن اور ہم خواب و ہم تمنا/
سپردگی
زمین اپنے قدیم محور کے گرد رقصاں ہے/اور فضا میں/کسی پراسرار سرخوشی کا سرور اس طرح/بہہ رہا ہے/کہ جیسے باد شمال نے جھوم کر ہرے موسموں/کے تن میں/کہیں رگ تاک کھول دی ہو/نظر سے اوجھل کوئی خوشی ہے/کہ جسم کی پور پور کو چھو رہی ہے آکر/لہو کی نیلی صداقتوں میں اترنے والی گلابی لذت/مرا بدن چومنے لگی ہے/ آب و آتش بہم ہوئے ہیں/ ہوانے مٹی کے سامنے سر جھکا دیا ہے

پروین کی ان نظموں کو پیش کرتے ہوئے ایک بار پھر میرا ادعا یہ ہے کہ نوخیزی عشق اور اس میں جنس کے نوخیز تجربے کی آنچ سے ہی پروین شاکر نے شاعری تخلیق کی اور اس کی شاعری کا یہ ڈھب اس کی شاعری کی ابتدا سے انتہائی دنوں تک یعنی ’’خوشبو‘‘ سے ’’صد برگ‘‘ اور پھر خود کلامی اور آخری مجموعے انکار تک موجود ہے اور جس طرح ہر شخص میں ایک بچہ ہمیشہ زندہ رہتا ہے اسی طرح پروین شاکر کے یہاں ایک نوخیز لڑکی ہمیشہ زندہ رہتی۔ عملی زندگی میں البتہ ایسے زمانے بھی آئے جب شاید پروین نے ایک جہاں دیدہ عورت کی طرح اپنے حسن کا خراج بھی حاصل کیا یا کرنے کی کوشش کی لیکن اس کی شاعری میں ہمیشہ ایک نوخیز اور عشق شعار لڑکی ہمیشہ موجود رہی جو محبوب کی تمنا میں خود کو سپردگی کی منزل سے گزارنے کی خواہش رکھتی ہے۔ ’’خود کلامی‘‘ میں موجود نظمیں ’’سرشاری‘‘، بے بسی کی نظم، بے یقینی کی نظم اور، پھر پھولوں کا کیا ہوگا، اسی نوخیز عشق اور جنس کی دھیمی آنچ کی مظہر ہیں۔ آخری مجموعے ’’انکار‘‘ میں بھی یہی کیفیت اس کی نظموں کا محور ہے۔
موضوع سخن اور نفس مضمون اس وقت شعری اظہار کی جان بنتے ہیں جب اس اظہار میں خوبصورتی پائی جاتی ہو۔ پروین شاکر کی نظم کا یہی ماجرا ہے۔ مندرجہ بالا نظم کے تو محض آخری چند مصرعے ہی جمالیاتی اظہار کی اکائی نہتے نظر آتے ہیں لیکن خوشبو سے انکار تک نوخیزی عشق اور نوخیز جنسی تجربے کے احساس اور اظہار کی نظمیں خوبصورت ہیں اور یہی جمالیاتی اظہار ہے جس کے سبب پروین شاکر کی مقبولیت محض نوخیز لوگوں تک اور نوجوانوں یا ٹین ایجرز تک محدود نہیں رہی بلکہ ہر عمر کے قاری نے اس کی شاعری میں کشش محسوس کی تھی۔ پروین کی ساری نظمیں یا بیشتر نظمیں آزاد نظم کی ہیئت میں ہیں مگر ان میں وہ نغمگی ہے جو پابند نظموں کی نغمگی کے ہم پلہ ہے۔ پروین کی یہ شاعری موضوع کے اعتبار سے نسوانی احساس کی شاعری ہے جب کہ اظہار کی سطح پر بھی اس تمام ماجرے کو بیان کرنے میں پروین کو کومل لفظ عطا ہوئے ہیں اس لیے اس کی اکثر نظمیں دل میں گھر کرلیتی ہیں اور یہ اس کے اظہار کی خوبصورتی ہی ہے جس نے محدود موضوعات کے باوجود پروین شاکر کی شاعری کو مقبول عام بنا دیا تھا۔

تاہم اس مرحلے پر مجھے پروین شاکر کی سوچ اور اس کی شاعری میں ایک نوعیت کی دوئی کا ذکر کرنا ہے۔ پروین کی اس سوچ میں جس کا اظہار انہوں نے اپنی کتابوں کے دیباچوں میںکیا ہے اور اس سوچ میں جوان کے تخلیقی اظہار کا حصہ بنی مجھے دوئی نظر آتی ہے۔ اپنے دیباچوں کے اعتبار سے انہیں ایک قادر الکلام شاعرہ ہونے کے ساتھ (بہ اعتبار غزل اور نثر) ان کے شعری موضوعات میں بھی بلوغت نظری نظر آنی چاہیے تھی اور موضوعات میں پھیلاؤ ہونا چاہیے تھا مگر ان کے کلام میں خصوصاً خود کلامی اور انکار میں کچھ موضوعات اپنے جھلک تو دکھاتے ہیں لیکن ان میں وہ وسعت نظری اور بلوغت فکر نہیں ہے جو ان موضوعات کا تقاضہ ہے۔ اسی لیے شعری اظہار میں بھی کچا پن نظر آتا ہے۔

اس ضمن میں یوں ہے کہ اپنے رومانی طرز اظہار اور موضوعات کے ساتھ اپنی شاعری میں پروین شاکر نے بے زمینی کے دکھ کو بھی موضوع بنایا ہے یعنی اردو بولنے والوں کو فرزند زمین ماننے سے سندھ کے مخصوص ذہن کے لوگوں کی طرف سے انکار پر بھی اظہار خیال بہ صورت نظم کیا ہے۔ ان کی نظمیں جو ان کے مجموعۂ شعر ’’انکار‘‘ میں شامل ہیں بہ عنوان ’’سندھ کی بیٹی کا سوال‘‘ اور ’’فرزند زمین‘‘ اسی موضوع اور احساس کا اظہار ہیں علاوہ ازیں وطن عزیز کے حوالے سے اور خصوصاً ماضی میں فوج کے قابل تنقید کردار کے بارے میں ان کی نظمیں ’’بہار ابھی بہار پر ہے‘‘ اور ’’شہزادی کا المیہ‘‘ قابل ذکر ضرورہیں۔ اسی طرح جنرل ضیاء الحق کے دور میں اہل علم و صحافت پر کوڑوں کی سزا کے موضوع پر ٹکٹکی نامی نظم یا ’’روز سیاہ‘‘ یا ’’کتوں کا سپاس نامہ‘‘ پروین کے یہاں موضوعات کی وسعت کا اشاریہ ہیں مگر یوں ہے کہ یہ ساری نظمیں احساس کی گہرائی اور بلاغت فکر سے عاری نظر آتی ہیں اسی لیے ان کے اظہار میں بھی وہ خوبصورتی نہیں جو عمومی طور پر پروین شاکر کی شاعری کا حصہ ہے۔ مجھے افسوس کی منزل سے یہ سوچ کر گزرنا پڑا کہ وہ بلاغت فکر جو پروین کے دیباچوں میں ہے وہ اس کی شاعری کا حصہ کیوں نہیں بن پائی۔ میں اپنے اس افسوس کا ماجرا بیان کرنے کے لیے پروین شاکر کے دیباچوں کی تحریر سے کچھ ٹکڑے پیش کرنا چاہتا ہوں جہاں بلوغت فکر نظر آتی ہے مگر جوان کی شاعری میں نہیں آئی۔

ملاحظہ فرمائیں:
’’صد برگ تک آتے آتے منظر بدل چکا تھا۔ میری زندگی کا بھی اور اس سرزمین کا بھی جس کے ہونے سے میرا ہونا ہے۔ رزم گاہ جہاں میں ہم نے کتنے معرکے ایک ساتھ ہارے اور بہت سے خوابوں پر اکھٹے مٹی برابر کی۔ شام غریباں کی پینٹنگ کیسی بنے گی؟ کوفہ شہر کے منارے سبز تو نہیں ہوسکتے نا۔ سچائی جب مخبروں میں گھر جائے تو گفتگو علامتوں کے سپرد کردی جاتی ہے۔‘‘
(’’صد برگ‘‘ کے انتسابی جملے)
’’گریز پالمحوں کی ٹوٹی ہوئی دہلیز پر ہوا کے بازو تھامے ایک لڑکی کھڑی ہے اور سوچ رہی ہے کہ آپ سے کیا کہے۔ برس بیتے گئی رات کے سناٹے میں اس نے اپنے رب سے دعا کی تھی کہ اس پر اس کے اندر کی لڑکی منکشف کردے۔ مجھے یقین ہے یہ سن کر اس کا خدا اس دعا کی سادگی پر ایک بار تو ضرور مسکرایا ہوگا (کچی عمر کی لڑکیاں یہ نہیں جانتیں کہ آشوب آگہی سے بڑا عذاب زمین والوں پر آج تک نہیں اترا) پر وہ اس کی بات مان گیا اور اسے چاند کی تمنا کرنے کی عمر میں ذات کے شہر ہزار در کا اسم عطا کردیا گیا … شہر ذات … کہ جس کے سب دروازے اندر کی سمت کھلتے ہیں اور جہاں سے واپسی کا کوئی راستہ نہیں۔‘‘
(خوشبو)
یہ بلوغت احساس و اظہار اور تفکر کی یہ لہریں جو پروین شاکر کی نثر میں موجود تھیں اس طرح ان کے کلام میں جلوہ گر نہیں ہوسکیں جس طرح توقع کی جاسکتی تھی۔ تاہم جذبہ واحساس کی لہروں کی فراوانی ان کے کلام کا حصہ ضرور بن گئی۔ اور کیونکہ شاعری کی اصل تعریف یہی ہے کہ ’’وہ کلام جو جذبہ اور احساس کی شدت سے تخلیق ہوتا ہے اور جس میں جذبے اور احساس کی کروٹیں محسوس ہورہی ہوتی ہیں شاعری کہلاتا ہے۔‘‘ اس لیے پروین شاکر شاعری تخلیق کرنے میں کامیاب ہوگئیں اور پڑھنے والوں کے دلوں کی دھڑکن بن گئیں۔ کیا ہے اگر وہ تفکر اور تعقل کی سرحدیں عبور کرنے میں زیادہ کامیاب نہیں ہوسکی اور موضوعات کی وسعت محض برائے وسعت ہی رہی اور یوں ہوا کہ ’’خوشبو‘‘ کے دیباچے کا یہ جملہ درست ثابت ہوتا چلا گیا کہ وہ لڑکی شہر ذات میں داخل ہوئی اور پھر واپس نہ آسکی۔ مگر یوں بھی ہوا کہ اس شہر ذات کی ایسی ایسی شبیہیں اس نے اپنی شاعری میں پیش کیں اور کلیڈا اسکوپ کی طرح ایسے خوبصورت نقش اس نے ابھارے کہ شاعری کا حق ادا کردیا یعنی اس شاعری کا جو شہر ذات سے شروع ہوتی ہے اور وہیں تک ختم ہوجاتی ہے۔ اس لڑکی نے اگر باہر دیکھا تھا تو بہت کم دیکھا۔ اس نے شہر ذات میں ایک نوخیز لڑکی طرح جو کچھ دیکھ لیا وہ کسی اورکے حصے میں بہت کم آیا۔ نسائی احساس کی اتنی غنائیت سے بھرپور شاعری دوسری خواتین شعرا کو کم ملی کیونکہ یہ غنائیت لفظوں اور اظہار کی خوبصورتی سے نہیں برآمد ہوئی بلکہ نوخیزی عشق اور نوخیزیٔ جذباتِ جنسی کے اظہار سے مرتب ہوئی ہے۔

تاہم اس کے علاوہ بھی پروین شاکر کے کلام میں خوبصورت نظمیں ستاروں کی طرح چمکتی اور جھلملاتی نظر آتی ہیں۔ نظم خوشبو، نظم خود کلامی کے علاوہ، نئی رات، کوئی رات کی رانی سے یہ کہہ دے، خوبصورت نظمیں ہیں۔ ’’مشترکہ دشمن کی بیٹی‘‘ خوبصورت اور فکر انگیز نظم ہے۔
سو یوں ہے کہ پروین شاکر کی نظم کی شاعری میں خوبصورتی جذبہ وا حساس کی ان لہروں کے سبب ہے جو پڑھنے والے کو محسوس ہوتی ہیں اور یہ کہ پروین کی شاعری میں جذبہ و احساس کی شدت ایمائیت، شعری اصطلاحات اور استعارہ اور علامت سے ترتیب پاتی ہے۔ جہاں جہاں یہ التزام نہیں ہے وہاں پروین کی شاعری میں بے رنگی آگئی ہے۔ اسی لیے پروین شاکر کی نثری نظموں میں اکثر ایک طرح کی بے رنگی ہے۔
اس مضمون کے اختتامی مرحلے پر پروین شاکر کے کلام میں دوئی کی ایک اور صورت کا ذکر ضروری ہے جو دیگر شاعروں کے یہاں بھی پائی جاتی ہے یعنی نظم اور غزل کی جمالیات کی دوئی۔ پروین شاکر کی شاعری کے ضمن میں اس دوئی کا ذکر اس لیے ضروری ہے کہ نظم اور غزل کی جمالیاتی سطح میں جتنا فرق پروین کے یہاں ہے اتنا بہت کم ہوا کرتا ہے۔ منتخب نظموں کو چھوڑ کر یہ فرق بہت زیادہ محسوس ہوتا ہے۔ جس طرح نثری نظموں میں پروین شاکر کی شاعری مکمل بے رنگی کا شکار نظر آتی ہے اسی طرح اس کی بہت سی نظمیں بے رنگ ہیں۔ تاہم اس فرق کے احساس سے یہ بھی محسوس ہوجاتا ہے کہ پروین شاکر کی غزل خوبصورت غزل ہے۔ وہ اپنا ذاتی اسلوب تو نہیں بنا سکی مگر خوبصورت غزل کی تخلیق میں کامیاب نظر آتی ہے۔ پروین کی غزل میں جہاں اکثر لفظوںکے دروبست سے یہ جھلک رہا ہو کہ یہ کلام کسی عورت کا کلام ہے یعنی نسائی احساس اشعار سے جھلکتا ہو بہت خاصے کی چیز ہے۔ پروین کی غزل پر مضمون مجھ پر قرض ہے۔

چلتے چلتے پروین شاکر کی نظم کے حوالے سے ایک بات اور یاد آگئی جس کا ذکر اس لیے ضروری ہے کہ اس نظم سے ایک بڑی شخصیت قرۃ العین حیدر کا تعلق ہے اور جس نظم پرقرۃ العین حیدر ناراض ہوئیں اور پروین شاکر نے اسے تنازعہ بنا دیا۔ اس واقعے اور اس نظم سے پروین شاکر کی خود پسندی کا پہلو بھی عیاں ہوتا ہے۔ ہوا یوں کہ 70 کی دہائی کے آخری دنوں میں پروین بمبئی گئیں۔ قرۃ العین سے ملیں اور ان کے لیے ایک نظم لکھ کر پاکستان آکر شائع کرادی۔ نظم میں ایک عظیم عورت کا ذکر تھا جس کی محرومیاں کوئی نہیں سمجھتا۔ نظم میں بین السطور جنسی محرومی کا تاثر بھی تھا۔ قرۃ العین تک یہ نظم پہنچی تو وہ بہت برافروختہ ہوئیں اور رسالے کے مدیر نسیم درانی کو اس نظم کی اشاعت پر سرزنش بھی کی۔ یہ نظم اچھی تھی اگر اس کا عنوان ’’قرۃ العین حیدر‘‘ نہ ہوتا۔ خود پسندی کی بات یہ ہے کہ پروین شاکر نے قرۃ العین حیدر کی شخصیت پر اپنی شخصیت کا قیاس کیا۔ خود پسندی شاعر کے لیے ضروری ہے مگر اپنے پرقیاس کرنا ٹھیک نہیں۔ اب وہ دونوں ہی دنیا میں نہیں ہیں مگرذکر باقی ہے۔


متعلقہ خبریں


صحافی، دانشور اور افسانہ نگار شیخ مقصود الہٰی انتقال کر گئے وجود - جمعه 22 ستمبر 2023

برطانیہ میں اردو کی ترقی اور ترویج کی وجہ سے دنیا بھر میں معروف افسانہ نگار شیخ مقصود الہٰی 89 برس کی عمر میں بریڈ فورڈ میں انتقال کر گئے۔ حکومت پاکستان نے دس برس قبل انہیں اردو ادب کی خدمات کے اعتراف میں تمغہ حسن کارکردگی دیا تھا۔ تفصیلات  کے مطابق شیخ مقصود الہٰی  نیشنل بنک سے ...

صحافی، دانشور اور افسانہ نگار شیخ مقصود الہٰی انتقال کر گئے

جامعہ کراچی، انجمن اساتذہ کا کلاسز کا بائیکاٹ،تدریسی عمل معطل وجود - جمعه 22 ستمبر 2023

جامعہ کراچی میں انجمن اساتذہ نے احتجاجاً کلاسز کا بائیکاٹ کر کے تدریسی عمل معطل کر دیا۔ کلاسز کے بائیکاٹ کے باعث طلبا و طالبات پریشانی سے دوچار ہیں۔ انجمن اساتذہ نے کہا کہ 6 سال سے جامعہ کراچی کے بجٹ کی منظوری نہیں کی گئی۔ اساتذہ نے وزیراعلیٰ سندھ سے جامعہ کراچی کے انتظامی بحران ...

جامعہ کراچی، انجمن اساتذہ کا کلاسز کا بائیکاٹ،تدریسی عمل معطل

مالی خسارہ، پاکستان ریلوے کا شالیمار ایکسپریس بند کرنے کا فیصلہ وجود - جمعه 22 ستمبر 2023

پاکستان ریلوے نے شالیمار ایکسپریس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے نے شالیمار ایکسپریس بند کرنے کا فیصلہ مالی خسارے کی وجہ سے کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شالیمار ایکسپریس لاہور سے کراچی چلتی ہے جو خسارے میں چل رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق مطلوبہ آمدن نہ ملنے پ...

مالی خسارہ، پاکستان ریلوے کا شالیمار ایکسپریس بند کرنے کا فیصلہ

جناح ہاؤس حملہ کیس، 28 ملزمان کے اشتہار جاری وجود - جمعه 22 ستمبر 2023

سانحہ نو مئی کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 28 ملزمان کے اشتہار جاری کر دیے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے کیس پر سماعت کی اس دوران تفتیشی افسران نے کہا کہ ملزمان جان بوجھ کر روپوش ہو چکے ہیں۔ استدعا کی کہ عدالت ملزمان کے خلاف اشت...

جناح ہاؤس حملہ کیس، 28 ملزمان کے اشتہار جاری

شیخ رشید کا اغوا کیس: لاہور ہائی کورٹ نے پولیس رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دے دی وجود - جمعه 22 ستمبر 2023

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بیچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے مبینہ اغوا کیس میں پولیس کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دے دی، عدالت نے آر پی او خرم علی 26 ستمبر کو مکمل تفصیل کے ساتھ خود پیش ہونے کی ہدایت کر دی ۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے شیخ رشی...

شیخ رشید کا اغوا کیس: لاہور ہائی کورٹ  نے پولیس رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دے دی

ورلڈ کپ 2023 کے لیے 18 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان وجود - جمعه 22 ستمبر 2023

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ 2023 کے لیے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی بابر اعظم ہی کریں گے جبکہ شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو انجری کی وجہ سے قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ پی سی بی کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ...

ورلڈ کپ 2023 کے لیے 18 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

آڈیو لیک کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی ایف آئی اے طلبی کا نوٹس معطل کر دیا وجود - جمعه 22 ستمبر 2023

اسلام آباد ہائی کورٹ نے آڈیولیک کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایف آئی اے میں طلبی کا نوٹس معطل کر دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت بشری بی بی کی جانب سے سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ لطیف کھوسہ نے...

آڈیو لیک کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی ایف آئی اے طلبی کا نوٹس معطل کر دیا

انیل کپور کی مصنوعی ذہانت کے خلاف عدالتی جنگ میں تاریخ ساز فتح وجود - جمعه 22 ستمبر 2023

بالی وڈ کے نامور اداکار انیل کپور نے مصنوعی ذہانت کے خلاف عدالتی جنگ میں تاریخ ساز فتح حاصل کی ہے۔ اداکار نے دہلی ہائی کورٹ میں ایک کیس دائر کیا ہوا تھا تاکہ ان کے شخصیتی حقوق، ان کے نام، تصاویر، مشابہت، آواز اور دیگر چیزوں کا ڈیجیٹل میڈیا میں غلط استعمال نہ ہوسکے۔ عدالت نے سماعت...

انیل کپور کی مصنوعی ذہانت کے خلاف عدالتی جنگ میں تاریخ ساز فتح

الیکشن کمیشن کا عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کرانے کا اعلان وجود - جمعرات 21 ستمبر 2023

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرادیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائز ہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27ستمبر...

الیکشن کمیشن کا عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کرانے کا اعلان

کرپشن ریفرنسز: نیب کا حساس اداروں کے افسران کی خدمات لینے کا فیصلہ وجود - جمعرات 21 ستمبر 2023

چیئرمین نیب نے کرپشن کے خلاف کارروائیوں کے لیے حساس اداروں کے افسران کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے، نیب نے اہم عہدوں پر تقرریوں کے لیے ڈیپوٹیشن پر حساس اداروں سے افسران مانگ لیے۔ حساس اداروں کے افسران آئندہ چند روز میں نیب میں کام شروع کر دیں گے، چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ...

کرپشن ریفرنسز: نیب کا حساس اداروں کے افسران کی خدمات لینے کا فیصلہ

شہباز شریف اور مریم نواز لندن روانہ وجود - جمعرات 21 ستمبر 2023

پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزرمریم نواز لندن روانہ ہو گئے۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ایک دن پاکستان میں قیام کے بعد اچانک لندن واپسی کا پروگرام بنا لیا اور وہ جمعرات کی صبح ساڑھے 9 بجے لندن کیلئے روانہ ہو گئے جبکہ مریم ...

شہباز شریف اور مریم نواز لندن روانہ

شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی سیل، متروکہ وقف املاک بورڈ نے کنٹرول سنبھال لیا وجود - جمعرات 21 ستمبر 2023

راولپنڈی میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی خالی کر وا کر سیل کر دی گئی، متروکہ وقف املاک بورڈ نے لال حویلی کا کنٹرول سنبھال لیا ۔ متروکہ وقف املاک نے راولپنڈی میں لال حویلی خالی کرانے کے لئے صبح سویرے آپریشن شروع کیا اور لال حو...

شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی سیل، متروکہ وقف املاک بورڈ نے کنٹرول سنبھال لیا

مضامین
محمود غزنوی اور سلطنت غزنویہ وجود جمعه 22 ستمبر 2023
محمود غزنوی اور سلطنت غزنویہ

بوڑھوں کا ملک وجود جمعه 22 ستمبر 2023
بوڑھوں کا ملک

چیف جسٹس کے 404 دن اور عوام کے 56 ہزار مقدمے وجود جمعه 22 ستمبر 2023
چیف جسٹس کے 404 دن اور عوام کے 56 ہزار مقدمے

احتساب کی چھلنی وجود جمعه 22 ستمبر 2023
احتساب کی چھلنی

نئے چیف جسٹس سے توقعات وجود جمعرات 21 ستمبر 2023
نئے چیف جسٹس سے توقعات

اشتہار

تجزیے
نوازشریف کو وطن واپسی پر جیل جانا پڑسکتا ہے۔۔ قانونی مسائل کیا ہیں؟ وجود بدھ 20 ستمبر 2023
نوازشریف کو وطن واپسی پر جیل جانا پڑسکتا ہے۔۔ قانونی مسائل کیا ہیں؟

نیپرا کا عوام کش کردار وجود جمعه 15 ستمبر 2023
نیپرا کا عوام کش کردار

مہنگائی میں مزید اضافے کا خطرہ وجود جمعرات 14 ستمبر 2023
مہنگائی میں مزید اضافے کا خطرہ

اشتہار

دین و تاریخ
سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں سادگی کے نقوش وجود هفته 23 ستمبر 2023
سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں سادگی کے نقوش

جذبہ اطاعت رسول پیدا کیجیے وجود جمعه 15 ستمبر 2023
جذبہ اطاعت رسول پیدا کیجیے

مادیت کا فتنہ اور اس کاعلاج وجود جمعه 08 ستمبر 2023
مادیت کا فتنہ اور اس کاعلاج
تہذیبی جنگ
سوئیڈش شاہی محل کے سامنے قرآن پاک شہید، مسلمان صفحات جمع کرتے رہے وجود منگل 15 اگست 2023
سوئیڈش شاہی محل کے سامنے قرآن پاک شہید، مسلمان صفحات جمع کرتے رہے

مسلمانوں کے خلاف برطانوی وزیر داخلہ کی ہرزہ سرائی وجود جمعرات 03 اگست 2023
مسلمانوں کے خلاف برطانوی وزیر داخلہ کی ہرزہ سرائی

کرناٹک، حجاب پر پابندی، ایک لاکھ مسلمان لڑکیوں نے سرکاری کالج چھوڑ دیے وجود پیر 13 فروری 2023
کرناٹک، حجاب پر پابندی، ایک لاکھ مسلمان لڑکیوں نے سرکاری کالج چھوڑ دیے
بھارت
سکھ رہنما کے قتل میں بھارت ملوث نکلا، کینیڈا کا بھارتی سفارت کار کو ملک چھوڑنے کا حکم وجود منگل 19 ستمبر 2023
سکھ رہنما کے قتل میں بھارت ملوث نکلا، کینیڈا کا بھارتی سفارت کار کو ملک چھوڑنے کا حکم

آسمانی بجلی کا قہر لاکھوں بھارتیوں کو بھسم کرچکا وجود جمعرات 07 ستمبر 2023
آسمانی بجلی کا قہر لاکھوں بھارتیوں کو بھسم کرچکا

بھارتی صدر نے ملک کے نام کے حوالے سے ایک نیا تنازع کھڑا کردیا وجود بدھ 06 ستمبر 2023
بھارتی صدر نے ملک کے نام کے حوالے سے ایک نیا تنازع کھڑا کردیا

چندریان تھری کی کامیابی پر بھارتی نجومی کا پاگل پن، چاند کو ہندو سلطنت قرار دینے کا مطالبہ وجود پیر 28 اگست 2023
چندریان تھری کی کامیابی پر بھارتی نجومی کا پاگل پن، چاند کو ہندو سلطنت قرار دینے کا مطالبہ
افغانستان
طالبان نے پاسداران انقلاب کی نیوز ایجنسی کا فوٹوگرافر گرفتار کر لیا وجود بدھ 23 اگست 2023
طالبان نے پاسداران انقلاب کی نیوز ایجنسی کا فوٹوگرافر گرفتار کر لیا

افغان سرزمین کسی پڑوسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی، امیر متقی وجود پیر 14 اگست 2023
افغان سرزمین کسی پڑوسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی، امیر متقی

بیرون ملک حملے جہاد نہیں جنگ ہو گی، ہیبت اللہ اخوند زادہ کا طالبان کو پیغام وجود منگل 08 اگست 2023
بیرون ملک حملے جہاد نہیں جنگ ہو گی، ہیبت اللہ اخوند زادہ کا طالبان کو پیغام
شخصیات
صحافی، دانشور اور افسانہ نگار شیخ مقصود الہٰی انتقال کر گئے وجود جمعه 22 ستمبر 2023
صحافی، دانشور اور افسانہ نگار شیخ مقصود الہٰی انتقال کر گئے

معروف افسانہ نگار، نثر نگار و مصنف اشفاق احمد کی 19 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے وجود جمعرات 07 ستمبر 2023
معروف افسانہ نگار، نثر نگار و مصنف اشفاق احمد کی 19 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

سلیم احمد: چند مسائل و احوال وجود هفته 02 ستمبر 2023
سلیم احمد: چند مسائل و احوال
ادبیات
فیصل آباد کے ریٹائرڈ ایس ایچ او بچوں کی 3500 کتابوں کے مصنف بن گئے وجود پیر 11 ستمبر 2023
فیصل آباد کے ریٹائرڈ ایس ایچ او بچوں کی 3500 کتابوں کے مصنف بن گئے

سلیم احمد: چند مسائل و احوال وجود هفته 02 ستمبر 2023
سلیم احمد: چند مسائل و احوال

محتسب (عالمی ادب سے منتخب افسانہ) وجود پیر 10 جولائی 2023
محتسب  (عالمی ادب سے منتخب افسانہ)