ہم شہر میں امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم کسی صورت شہر میں امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاویدعالم اوڈھو نے ملاقات کی جس میں مراد علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی سے کورنگی میں ضمنی انتخابات کے دوران فائرنگ کے واقعے اور اس میں جاں بحق ہونے والے شخص کے بارے میں معلومات لی۔ ملاقات میں وزیراعلی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کو واقعے کی شفاف انکوائری کرکے ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ آئندہ ماہ شہر میں بلدیاتی انتخابات ہونے ہیں، شہر میں امن و امان مزید بہتر کیا جائے، شرپسند و قانون شکن کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی صورت شہر میں امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، شہر قائد اور صوبے میں جسکو سیاست کرنی ہے پرامن سیاست کرے، اس شہر کا امن ہم نے بڑی قربانیوں کے بعد بحال کیا ہے، اسکو کسی صورت خراب ہونے نہیں دیں گے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ تمام ایس ایس پیز اپنے اضلاع میں کڑی نگرانی رکھنے کیلئے پیٹرولنگ اور انٹیلی جنس کے کام کو بہتر کریں۔