الیکٹرانک میڈیا کی بلیک میلنگ کا کلاکوٹ تھانے میں مقدمہ درج !!

گزشتہ کچھ عرصے سے الیکٹرانک میڈیا کے حوالے سے یہ شکایات عام ہوتی جارہی ہیں کہ یہ اپنی حدود سے نہ صرف تجاوز کررہا ہے بلکہ اس کے مختلف نمائندے بعض معامالات میں ’’بلیک میلنگ‘‘ کرتے ہوئے بھی پائے گئے۔ ان واقعات نے مجموعی طور پر صحافت کے دامن کو داغدار کیا ہے۔اس ضمن میں بلیک میلنگ کا ایک تازہ واقعہ سامنے آیاہے۔

اب تک نیوز اور ایچ ٹی وی کے نمائندوں نے بلیک میلنگ سے پیسہ اکٹھا کرنے کیلئے ایک مٹھائی کی دُکان کا رخ کیا ہے۔ جس پر مٹھائی کی دُکان کے مالک نے مقدمہ درج کرواکر دو بلیک میلروں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔کلاکوٹ پولیس نے بھی اب تک کے دو اور ایچ ٹی وی کے ایک ملازم پر بلیک میلنگ کا مقدمہ درج کیا ہے پولیس نے دو ملزمان ولید اور اقبال کو گرفتار کیا ہے جبکہ محسن اور ایک خاتون سمیت دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ کلاکوٹ پولیس کے مطابق چاکیواڑہ آٹھ چوک پر واقع پرنس سوئیٹ مارٹ پر سات سے آٹھ افراد ایک خاتون کے ہمراہ 21دسمبر کو آئے اور انہوں نے دُکان اور گودام کو چیک کرنے کے بہانے مووی بنائی، اور پھر اسی شام کو دُکان کے مالک خالد محمود سے ایک موبائل فون نمبرکے ذریعے رابطہ کیا اور کہا کہ ہمارا تعلق اب تک ٹی وی چینل کی چھاپہ مار پروگرام خفیہ کی ٹیم سے ہے اور تمہاری دُکان پر صفائی کا ناقص انتظام ہے تم اگر ہمیں دو لاکھ روپے دے دو تو ٹھیک ہے بصورت دیگر اب ہم فوڈ انسپکٹر کے ہمراہ آکر تمہاری دُکان سیل کر دیں گے ۔ دوسرے دن ان کا پھر فون آیا اورخالد محمود کو بلیک میل کرنے لگے جس پر خالد نے انہیں کہا کہ میں کوئی غلط کام نہیں کر رہا ہوں پیسے کس بات کے دوں،کیس کے مدعی خالد کے مطابق اگلے دن دوپہر میں دو لڑکے اور آئے اور انہوں نے مجھے کہا کہ چلو دو لاکھ نہیں تم ہمیں 50 ہزار روپے دے دو جس پر میں نے انہیں باتوں میں لگا کر کلاکوٹ پولیس کو اطلاع دے دی اور کچھ ہی دیر میں پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
کلاکوٹ پولیس کے ایس ایچ او ایاز خان کا کہنا ہے کہ ملزمان کیخلاف مقدمہ نمبر 282/2016 درج کیا گیا ہے۔