اشتعال انگیز تقاریر، میڈیا ہاوسز حملہ کیس: چشم دید گواہ کی فاروق ستار کے خلاف گواہی

انسداد دہشت گردی عدالت میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) قیادت کی اشتعال انگیز تقاریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔ مقدمے کے چشم دید گواہ انسپکٹر ہاشم بلو نے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار اور دیگر کے خلاف گواہی دے دی۔ رینجرز کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر رانا خالد حسین نے گواہوں سے سوالات کیے، اس موقع پر گواہ نے بتایا کہ کارکنان کی تعداد کم ہونے پر بانی ایم کیو ایم نے وقوعہ والے روز فاروق ستار کوبرا بھلا کہا۔ انسپکٹر ہاشم بلو نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم نے فاروق ستار کو 5 لاکھ افراد جمع کرنے کا کہا تھا، وہ مطلوبہ تعداد میں لوگ جمع نہیں کر پائے تھے۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ مطلوبہ تعداد جمع نہ کرنے پر بانی ایم کیو ایم نے فاروق ستار پرغصہ کا اظہار کیا، بانی متحدہ کے غصے پر فاروق ستار نے کہا بھائی آپ جو کہیں گے ہم کریں گے۔ گواہ نے مزید کہا کہ بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد مجمع طیش میں آیا، کارکنوں نے جلسہ گاہ سے اٹھ کرجلاو گھیراؤ شروع کردیا۔ انسپکٹر ہاشم بلو نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم کارکنوں نے پولیس وین سمیت گاڑیوں کو آگ لگائی، پرتشدد واقعات میں 1 شخص جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے، اسی دوران میڈیا ہاؤس پرحملہ کیا گیا۔