پنڈورا پیپرز کا پنڈورا باکس کھل گیا

پنڈورا پیپرز کا پنڈورا باکس کھلنے لگا۔ پنڈورا کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق سات سو سے زائد پاکستانیوں کے نام اس میں نکل آئے۔ پانامالیکس سے زیادہ بڑے انکشافات پر مبنی پنڈورا باکس میں جن بڑے پاکستانیوں کے ابھی ابتدائی نام سامنے آئے ہیں۔ اُن میں وزیر خزانہ شوکت ترین، پاکستانی سیاست میں شو بوائے سمجھے جانے والے عمران خان کےقریبی ساتھی سینیٹر فیصل واوڈا، وفاقی وزیر مونس الہٰی، وزیر صنعت خسرو بختیار کے اہلِ خانہ کے نام بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی وقار مسعود کے بیٹے کے نام بھی آف شور کمپنی نکل آئی ہے۔ ان کے علاوہ پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا بھی نام آف شور کمپی رکھنے والوں میں شامل ہیں۔ پیپلزپارٹی کے سب سے بدنام ترین رکن صوبائی اسمبلی اور نیب کے ریفرنس میں جیل میں رہنے والے سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا نام بھی پنڈورا پیپرز میں شامل ہے۔شرجیل میمن کی برٹش ورجن آئی لینڈ میں تین کمپنیاں نکلی ہیں۔ پنڈورا باکس کے اس نئے اسکینڈلز میں بول نامی چینل رکھنے والے ایگزیکٹ کمپنی کے مالک شعیب شیخ کا نام بھی شامل ہے۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے صاحبزادے کا نام بھی پنڈورا پیپرز میں نکلا ہے۔ ابتدائی اطلاعات میں شامل ان ناموں میں زیادہ تر حکمران جماعتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ سامنے آئے ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق زیادہ تر آف شور کمپنیاں برٹش ورجن آئی لینڈ میں قائم ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق اس نئے پنڈورا پیپرز میں ریٹائرڈ فوجی افسران، بینکار،میڈیا مالکان اور سیاست دانوں کے نام شامل ہیں۔