روپرٹ مرڈاک فوکس نیوز کے قائم مقام چیئرمین بن گئے

بدچلنی و بدمعاملگی کے الزامات کے بعد فوکس نیوز کے مشہور زمانہ سی ای او راجر ایلز نے باضابطہ طور پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ گو کہ یہ محض ایک رسمی کارروائی ہی رہ گئی تھی کیونکہ معاملات خاصے آگے نکل گئے تھے لیکن باضابطہ اعلان ہونا ابھی باقی تھا، اب وہ بھی ہو چکا ہے اور یہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق راجر ایلز نے چیئرمین اور سی ای او فوکس نیوز چینل اور فوکس بزنس نیٹ ورک اور چیئرمین فوکس ٹیلی وژن اسٹیشنز کے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ روپرٹ مرڈاک قائم مقام چیئرمین اور سی ای او فوکس نیوز چینل اور فوکس بزنس نیٹ ورک کا عہدہ سنبھال رہے ہیں۔

ایگزیکٹو چیئرمین 21سٹ سنچری فوکس روپرٹ مرڈاک نے کہا کہ راجر نے ہمارے ادارے اور ملک کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دیں۔ عظیم و آزاد ٹیلی وژن ادارے کے لیے ان کا اور میرا وژن ایک ہے اور وہ 20 سالوں میں اس کو عملی طور پر پیش بھی کرتے رہے۔ فوکس نیوز نے ان افراد کو آواز دی جن کو روایتی نیٹ ورکس کی جانب سے نظر انداز کیا جاتا تھا اور یہ جدید میڈیا کی عظیم کمرشل کامیابیوں میں سے ایک ہے۔”