پیمرا کی طرف سے عمران خان کی تیسری شادی کی غلط خبر نشر کرنے پر 13 چینلز پر جرمانہ عائد

pemra-tvs

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق غلط خبر نشر کرنے پر پیمرا نے تیرہ نیوز چینلز پر پانچ پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیمرا (پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی )کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ادارے کے شکایات سیل نے پاکستان تحریک انصاف کی تحریری درخواست پر ملک کے تیرہ نجی نیوز چینلز کو عمران خان کی شادی سے متعلق بغیر تصدیق خبر نشر کرنے پر پانچ پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ کردیا ہے۔ جن چینلز کو جرمانہ کیا گیا ان میں جیو نیوز، جیو تیز، دنیا نیوز، رائل ٹی وی، خیبر نیوز، چینل24 ، چینل 92، نیوز ون، سچ ٹی وی، روز نیوز، چینل5 اور نیو نیوز شامل ہیں۔شکایات کونسل نے مذکورہ نیوز چینلز پر عمران خان سے معافی نشر نہ کرنے کی صورت میں ان چینلز کے لائسنس منسوخ کرنے کی بھی سفارش کردی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینٹرل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ افتخار درانی کی جانب سے گزشتہ ماہ 12 جولائی کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق خبر نشر کرنے پر مذکورہ ٹی وی چینلز کے خلاف ایک تحریری درخواست کی گئی تھی۔

اس کے علاوہ شکایات کونسل نے چینل24 پر عامر لیاقت کے غیر اخلاقی نعرے لگانے پرپانچ لاکھ اور نجی نیوز چینل نیوز ون کو تضحیک آمیز جملوں کے تبادلے پر دو لاکھ روپے کا جرمانہ کر دیا ہے۔ نیوز ون کے ایک پروگرام میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر حافظ حمد اللہ اورسماجی کارکن ماروی سرمد کے درمیان تلخ کلامی پر مبنی پروگرام نشر کرنے پر چینل کو دو لاکھ روپے جرمانے کی سفارش کی گئی ہے۔ چیئرپرسن شمیم ہمایوں کی زیر صدارت پیمرا شکایات کونسل کے 41 ویں اجلاس میں کونسل نے نیوز ون کے پروگرام ‘ٹین پی ایم وِد نادیہ مرزا’ کے 10 جون 2016 کو نشر ہونے والے پروگرام میں شریک مہمانوں حافظ حمد اللہ اور ماروی سرمد کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے، تضحیک آمیز اور غیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار کرنے اور دھمکیاں نشر کرنے پر دیئے گئے اظہار وجوہ کے نوٹس اور اس پر دائر کردہ جواب پر سماعت کرتے ہوئے چینل کو 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے اور معافی نشر کرنے کی سفارش کی ہے۔

گزشتہ کچھ عرصے سے پیمرا ٹی وی چینلز کے خلاف کارروائیوں میں نہایت فعالیت کا مظاہرہ کررہا ہے۔ مگر اس کے کردار کے حوالے سے کچھ شبہات بھی پائے جاتے ہیں۔ نیز چیئرمین پیمرا ابصار عالم کو مسلم لیگ نون کی طرف واضح جھکاؤ رکھنے کے باعث بعض ٹی وی چینلز پر مسلسل تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔