افغان صورت حال،پاکستان کی میزبانی میں علاقائی ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے سربراہوں کی بیٹھک

پاکستان کی میزبانی میں وفاقی دارالحکومت میں افغانستان کی صورتحال پر علاقائی ملکوں کے انٹیلی جنس اداروں کے سربراہوں کا اہم اجلاس ہوا۔ آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے انٹیلی جنس چیفس کے اجلاس کی میزبانی کی ،میڈیا رپورٹس کے مطابق چین، ایران، روس ،قازقستان ، ترکمانستان، ازبکستان اور تاجکستان کے انٹیلی جنس چیفس کی اہم ملاقات ہوئی، ملاقات ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی میزبانی میں ہوئی۔ذرائع کے کہنا ہے کہ اس ملاقات میں افغانستان کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ خطے میں دیرپا امن و سلامتی کی صورتحال پربھی بات چیت کی گئی۔واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچے تھے۔ ڈی جی آئی ایس آئی کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی کابل گیا تھا۔