میئر کراچی کے خلاف عدم اعتماد کی تیاری شروع کردی، حافظ نعیم الرحمن

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ میئر کراچی کے خلاف عدم اعتماد کی تیاری شروع کر دی ہے، وہ وفاق میں تحریک عدم اعتماد لاسکتے ہیں تو ہم بلدیہ میں کیوں نہیں؟  کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس بار پیپلزپارٹی لوگوں کونہیں اٹھا سکے گی، اب سندھ میں پیپلزپارٹی کی کرپٹ حکومت نہیں بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کے خلاف عدم اعتماد کی تیاری شروع کر دی ہے، وہ وفاق میں تحریک عدم اعتماد لاسکتے ہیں تو ہم بلدیہ میں کیوں نہیں؟ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک خاندان اور 40 وڈیروں کی جماعت ہے، اس کے علاوہ پیپلزپارٹی اپنا کوئی وجود نہیں رکھتی، ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو سے اختلافات اپنی جگہ لیکن وہ والی پیپلزپارٹی اب نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تحریک عدم اعتماد کے معاملے کو اچھے طریقے سے دیکھ رہے ہیں، اس حوالے سے رابطے بھی کریں گے، انشا اللہ مناسب موقع پر تحریک عدم اعتماد لے کر آئیں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ میں صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز چوہان کے یہاں سے تبادلے کا خیرمقدم کرتا ہوں کیونکہ ہم نے بار بار نشاندہی کی تھی کہ انہوں نے بہت غلط طریقے سے پیپلزپارٹی کو سپورٹ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ نئے صوبائی الیکشن کمشنر شفاف اور منصفانہ طریقے سے امور سرانجام دیں، الیکشن کمیشن ریاستی ادارہ ہے، اپنی ذمہ داری نبھائے۔